سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ کسی ٹکٹ کا محتاج نہیں بلکہ میں اوپر اللہ اور نیچے عوام کا محتاج ہوں ،الیکشن میں میرے مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوں گی ۔
روالپنڈی کے علاقے چک بیلی میں انتخابی ریلی سے خطاب میں چوہدری نثار نے کہا کہ آستین چڑھا کر تو ہر کوئی تقریر کر سکتا ہے لیکن میں نے حلقے کی گلی گلی میں کام کروایا ہے، سیاسی مسافر عوام سے ووٹ مانگنے آئیں گے، آپ کے پاس ایک شخص ٹیکسلا سے ووٹ لینے آئے گا، اس شخص کی ایم اے، بی اے کی ڈگری جعلی ہے اور میٹرک بھی فیل ہے۔
ان کا مزید کہناتھاکہ اس شخص کی پہچان یہ ہے کہ یہ میرا مخالف ہے، اس لیے پیپلزپارٹی اور مشرف نے اس کو وزیر بنایا، میری مخالفت کی وجہ سے ہی عمران خان نے اسے ٹکٹ دیا، اس حلقے پر ساری دنیا کی نظریں ہوں گی، آؤ اپنا امیدوار لاؤ مگر مجھے شکست نہیں دے سکتے۔
چوہدری نثار نے یہ بھی کہا کہ پہلے عوام نے مجھے ایک لاکھ 38 ہزار ووٹوں نے جتوایا تھا اور اس بار ایک لاکھ 72 ہزار ووٹوں سے جتوائیں گے، اس دفعہ کوئی شک نہیں کہ یہاں سے ریکارڈ کامیابی حاصل ہو گی، نواز شریف کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں اور جیل بھیجا گیا، نواز شریف کو پھر سعودی عرب جلا وطن کر دیا گیا، مسلم لیگ ن نے اس وقت صرف 13 نشستیں جیتیں اور ان میں میری نشست بھی شامل تھی۔
انہوں نے مزید کہاکہ یہ قیامت کی نشانیاں ہیں کہ پرویز مشرف کے حمایتی آج نواز شریف سے وفاداری کے معیار قائم کر رہے ہیں لیکن ان لوگوں کی مثال ایسی ہے جیسے چور پولیس کی تعریف کر رہا ہو۔