کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کچھ لوگ سمجھ رہے ہیں میں نے سیاست چھوڑ دی ہے، میں نے پارٹی کی چیئرمین شپ چھوڑی ہے سیاست نہیں چھوڑی، نوازشریف کی طرح میرا نام بھی ای سی ایل میں نہ ڈالا جائے، مجھے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف نے پارٹی سربراہی سے مستعفی ہونے کے بعد ویڈیو پیغام میں کہاہے کہ میں سیاست سے کنارہ کش نہیں ہوا، پارٹی چیئرمین شپ سے استعفیٰ قانونی مشاورت پر دیا ہے، ڈاکٹرامجد پارٹی چیئرمین اور مہرین ملک آدم سیکرٹری جنرل ہوں گے۔پرویزمشرف نے کہا کہ ارادہ تھا وطن واپس آکر الیکشن لڑوں اور عدالتوں کا سامنا کروں لیکن وطن واپسی کے ارادے کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹیں ہیں۔سابق صدر نے کہا کہ مجھے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے، خواجہ آصف کی طرح میرے کیس میں بھی فیصلہ معطل ہونا چاہیے، نوازشریف کی طرح میرانام بھی ای سی ایل میں نہ ڈالاجائے اور نوازشریف کی طرح جلسوں سے خطاب کی اجازت دی جائے۔