جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا کی معیشت تباہ ہوچکی ہے، ایم ایم اے کی حکومت میں 87 ارب کا قرضہ تھا، آج صوبے پر 3 سو ارب سے زیادہ قرضہ ہے۔
متحدہ مجلس عمل پشاور کے زیر اہتمام انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اپنی شناخت کو پوری دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں ، اگر تبدیلی لانی ہے تو ملک میں اسلام کا پرچم بلند کرنا ہوگا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری آزادی ہم سےچھینی جارہی ہے، اگر عالمی قوتیں ہمیں پھر سے اندھیرے میں دھکیلنا چاہتی ہیں تو آپ یہ چیلنج قبول کریں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہمارے مقابلے میں ہیں وہ مغربی نظریہ رکھتے ہیں، ہم اپنی حیا اور روایات کا دفاع کرنا جانتے ہیں، مغرب پھر سے ہمیں غلام بنانا چاہتا ہے، ہمیں اپنی صفوں کو منظم کرنا ہوگا۔
انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو دوبارہ ترکی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔