ہالی ووڈہو یا بالی ووڈ، کامیاب اداکاروں کی ایک لمبی فہرست ہمارے سامنے موجود ہےلیکن ان میں ایسے اداکار شاذونادر ہی ہوتے ہیں جو پیشہ ورانہ زندگی میں کامیاب ہونے کے ساتھ اپنی ذاتی زندگی میں بھی اچھے انسان ثابت ہو ں۔ ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی کا شمار بھی ایسے ہی کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے۔’’انجلینا جولی،،ایک فیشن آئیکون،ہدایتکارہ اوراداکارہ ہی نہیں بلکہ انسانیت کا درد رکھنے والی ایک عظیم سماجی کارکن بھی ہیں۔
ابتدائی زندگی اور فلمی کیریئر
انجلینا جولی 4 جون 1975ءکولاس اینجلس میں پیدا ہوئیں، ان کے والدین کا تعلق بھی اداکاری کے شعبے سے تھا۔انجلینا نے کم عمری میں ہی ’لی اسٹریس برگ تھیٹر انسٹیوٹ‘ سےتعلیم حاصل کی، بعد میں نیو یارک یونیورسٹی میں ایڈمیشن لیا۔ 80ء کی دہائی میںانجلینا نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اورکامیاب فلمی کیریئر کا آغاز 1982ء میں بطور چائلڈا سٹار کیا ۔انجلینا جولی کی وجہ شہرت2001ءمیں ان کی ایکشن سے بھرپورفلم ٹومب ریڈربنی ۔ ان کی ہدایتکاری میں بننے والی فلموں، اِن دی لینڈ آف بلڈ اینڈ ہنی، فرسٹ دے کِل مائی فادر اور اَن بروکن کو شائقین نے پسند کیا۔ اپنے فلمی کیریئر میں انہوںنے مختلف کردار ادا کیے، کبھی وہ ’آ مائیٹی ہارٹ‘ میں مقتول امریکی صحافی ڈینئیل پرل کی بیوہ کے طور پر سامنے آئیں اور کبھی وہ ویڈیو گیم ہیروئن ’لارا کرافٹ: ٹومب ریڈر‘ بن کر جلوہ گر ہوئیں۔
پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق انجلینا کا کہنا ہے کہ یہ ایک تخلیقی کام ہے جس میں آپ لوگوں کو مختلف پہلوؤں سے جان سکتے اور مختلف ہنر سیکھ سکھتے ہیں۔ اس لئےیہ ایک شخصیت کے طورپر سیکھنے کے لیے شاندار کام ہے۔انجلیناجولی کو2000ءمیں آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فلمی سرگرمیوں کےساتھ ساتھ وہ اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انسان دوست اسٹائل اسٹار
انجلینا جولی کے متعلق مشہور ہے کہ وہ دنیا کے جس حصے میں جائیں ہزاروں کی تعداد میں مداح ان کے پرجوش استقبال کے لیے تیار رہتے ہیں ۔جس کی وجہ ان کا صرف ہالی ووڈ کی میگا اسٹار ہونا ہی نہیںہےبلکہ ان کے دل میںچھپا انسانیت کا وہ درد ہے جو انھیںفلاحی کام کرنے میں خصوصی دلچسپی لینےپرمجبور کرتا ہےاور یہی وہ خاصیت ہے جو انجلیناجولی کوشوبز کی دنیا میں ممتاز شخصیت بناتا ہے۔
انجلینا نے اپنے سابقہ شوہربریڈپٹ کے ساتھ مل کر ایک امدادی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی اور فلاحی کام کرنے والی تنظیموں کا ساتھ دینا شروع کیا، اس جوڑے نے لاکھوں ڈالر عطیہ کیے۔ 2012ءمیںاقوام متحدہ نے جولی کو مہاجرین کیلئے خصوصی مندوب نامزد کیا۔
شورش زدہ علاقوں کا دورہ
بطور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر برائے مہاجرین انجلینا جولی دنیا کے مختلف ممالک میں شورش زدہ علاقوں کا دورہ کرتی رہتی ہیں ۔انھوں نےماضی میں عراق کے تباہ حال شہر موصل کا دورہ کیا اور مقامی افراد سے ملاقات کی۔ موصل کی تباہ حالی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انجلینا نے اس واقعے کو انسانیت کے لیے انتہائی المناک قرار دیاتھا۔
2012ء میں اقوام متحدہ کی جانب سے انجلینا جولی کو انسانیت کے لیے بہتر خدمات انجام دینے پرایک منفرد اعزاز دیا گیا اور اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے پناہ گزین نے انجلینا جولی کو پناہ گزینوں کے لیے خصوصی ایلچی تعینات کیا ۔
دورہ پاکستان
انجلینانے 2010ء میںبطور خیرسگالی سفیر پاکستان کا دورہ کیااور نوشہرہ کے کھنڈر نامی علاقے میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔اس دوران انجلینا کی جانب سے پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے ایک لاکھ ڈالر کا عطیہ بھی دیا گیا ۔
شادی شدہ زندگی
انجلینا جولی اپنے فلاحی کاموں اور ہالی ووڈ میں منفرد کامیابیوں کے حصول کی طرح اپنی محبتوں اور شادیوں کے حوالے سے بھی منفرد شہرت رکھتی ہیں۔جولی کے مطابق 14برس کی چھوٹی عمر سے ہی انھیںمحبت ہوگئی تھی۔انجلینا کی پہلی شادی 1996ء میں برطانوی نژاد امریکی فلم ساز و اداکار جونی لی ملر سے ہوئی، جو صرف چار سال بعد ہی ختم ہوگئی۔ اس کے بعد2005ء میں’مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘ کے سیٹ پر جولی اور بریڈ پٹ کی محبت کا آغاز ہوا اور یہ جوڑا 2014ء میں شادی کے بندھن میں بندھ گیالیکن یہ شادی بھی گزشتہ شادیوں کی طرح زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور دوسال کے بعد2016ء میں طلاق پر ختم ہوئی۔