ہمارے یہاں عید کا تہوار ختم ہوتے ہی شادیوںکا سیزن شروع ہوجاتا ہے۔چچا کی شادی، تو کہیں کسی کزن کی شادی یا پھر خود اپنی شادی۔ گزشتہ ہفتے ایک عزیز دوست کی شادی کا سلسلہ شروع ہوا تو حال ہی میں منظرعام پر آنے والی ایک نئی رسم بڑے دھوم دھام سے مناتے دیکھی، اس رسم کو عام طور پر برائیڈل شاور کے نام سے جانا جاتا ہے۔ہمارے یہاں زیادہ تر لوگ برائیڈل شاور کو پیسوں کا ضیاع ،لڑکی کے ماں باپ پر ایک اور بوجھ یا اشرافیہ کے چونچلے سمجھنے کے باعث اس کے حق میں نہیں۔
برائیڈل شاور کے پسِ منظرکے بارے میں بات کریں تو اس کی ابتداء 1860ء میں مغربی ملک (بیلجیم )سے ہوئی۔ 1990ءکے بعد یہ رسم کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسے ممالک میں عام ہوگئی۔ ’برائیڈل شاور‘ نامی تقریب شادی سے کچھ دن قبل منعقد کی جاتی ہے، دلہن کی دوستیںاس کے گھر تحفے تحائف، کیک، گجرے اور دیگرآرائشی لوازمات لے کر جاتی ہیں، پھر دلہن کو تیار کیا جاتا ہےاور بھرپور طریقے سے اس دن کا اختتام ہوتا ہے۔برائیڈل شاور کا اصل مقصد دلہن کے گھر والوں کا اْن کی بیٹی کی شادی کے موقع پر کچھ معاشی بوجھ کم کرنا اور دلہن کا جہیز بنانے میں اْس کی مدد کرنا ہے
اگر آپ بھی اپنی شادی پر یا کسی دوست کی شادی پر برائیڈل شاور جیسی رسم سےبھرپور طریقے سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہیں تو یہ ٹپس آپ کےلیے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
بجٹ بنائیں
جی ہاں ! یہاں بات ہورہی ہے برائیڈل شاور بجٹ کی، جو دلہن کی دوستوں کو مل کر طے کر نا چاہیے نہ کہ شادی والے گھرکا بجٹ مزید بڑھادیا جائے۔لہذا سب سے پہلے دلہن کی تمام سہیلیاں مل کر بجٹ بنائیں اور اندازہ لگالیںکہ فی دوست کتنا خرچا آئے گا۔
تھیم کا انتخاب
شادی بیاہ کی تقریبات ہوں یا سالگرہ جیسی خوشی، پاکستان سمیت دنیا بھر میں تھیم کا انتخاب کافی معنی رکھتا ہے ۔مہمانوں سے بھی اس تھیم کے مطابق کپڑے پہننے کی درخواست کی جاتی ہے، تھیم کے حساب سے کپڑے زیب تن کرنےکےساتھ ڈیکوریش کرنےمیں بھی اس کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ تھیم پلاننگ کے لیے ڈیکوریشن یاایونٹ پلانرز کی مدد بھی لی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب دلہن کی مدد سے تمام سہیلیاں مل کر خود بھی کسی بہترین تھیم کا انتخاب کرسکتی ہیں ۔2018ءمیںبرائیڈل شاور تھیم کے لیےگلیمرس پنک برائیڈل شاور تھیم ،ونٹیج برائیڈل شاور تھیم،وائٹ برائیڈل شاور تھیم،بیج برائیڈل شاور تھیم،یا پھر سیکریٹ گارڈن برائیڈل شاور تھیم میں سے کسی ایک تھیم کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
دعوت نامے
تیسرا مرحلہ آتا ہے انویٹیشن کارڈ (دعوت نامہ)کا، جسے چھپوانےکے لیے آپ کو کسی پرنٹ شاپ پر جانے کی ضرورت نہیں۔ سوشل میڈیا اور گوگل کے اس دور میںتمام معلومات آپ کےپاس موجود ہیں، تھیم کے پیش نظر کارڈ شیٹ،گلو ،آرٹیفشل فلاور ربن اور فوم کے ذریعے خوبصورت برائیڈل شاورانویٹیشن کارڈتیار کیے جاسکتے ہیں۔
بیک ڈراپ
انویٹیشن کارڈکی طرح برائیڈل شاور کابیک ڈراپ بھی دوستیں مل کر تیار کرسکتی ہیں ۔ اگر برائیڈل شاور پارٹی کا انعقاد گھر کےاندر کیا جارہا ہو تو گھر کی کوئی بھی دیوار بیک ڈراپ کے طور پر سجائی جاسکتی ہے جبکہ برائیڈل شاوراگر آؤٹ ڈور ہو تو کسی ٹیبل کو بیک ڈراپ کے طور پر سجا کر اس رسم سے لطف اٹھایا جاسکتا ہے۔
اسٹیج کا سازوسامان
برائیڈل شاورمیں اسٹیج پر رکھا جانے والا سازوسامان بھی خاصی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ان میں گرلز کراؤن (جو کہ پھولوں یا کارڈ شیٹ سے تیار کیے جاتے ہیں)، پھولوں کے گہنے ،کیک، اور آرائشی لوازمات وغیرہ شامل ہوتےہیں۔
مینیو
کسی بھی تقریب کا مینیو اس تقریب کا سب سے اہم حصہ ہوتا ہے جبکہ برائیڈل شاور میںیہ مزید اہمیت اختیار کرجاتا ہے۔آپ کے پاس مینیو منتخب کرنے کے لیےبہت سارے ہلکے پھلکے اوربجٹ فرینڈلی آپشنز موجود ہیں، جن میں سے کوئی ایک آپشن بجٹ کو مد نظر کھتےہوئے تمام دوستیں مل کر منتخب کرسکتی ہیں۔ مینیوکے انتخاب میں مندرجہ ذیل آئٹم آپ کی مدد کرسکتے ہیں۔
٭کیک ،بسکٹ٭کولڈ کافی٭ملک شیک
٭منی برگریا منی سینڈوچ٭شوارما٭چکن بریڈ
کیک
برائیڈل شاور میں دلہن کے ہاتھ سے کیک کٹوایا جاتا ہے اور کیک کاٹنے کی یہ تقریب کافی دلچسپ ہوتی ہے۔ دلہن کا پسندیدہ کیک، تھیم کی مناسبت سے تیار کروایا جاتاہے، جسے بنوانے کا فریضہ بھی دلہن کی دوستیں سرانجام دیتی ہیں ۔
گیمز اینڈ ایکٹویٹیز
ہلاّ گلاّ، رقص اورگیمز کے بناء برائیڈل شاور کی تقریب مکمل نہیںہوتی۔ اچھے اچھے گیمز، ڈانس یا پھر ڈانڈیابرائیڈل شاور کی تقریب کو مزید خوبصورت بنادیتے ہیں۔