• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹ بال فیڈریشن کپ، کے آر ایل نے چھٹی بار معرکہ سرکرلیا، نیشنل بینک کو شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خان ریسرچ لیبارٹری (کے آر ایل ) نے ریکارڈ چھٹی بار پاکستان فٹبال فیڈریشن کپ 2016کی فاتح ٹرافی جیت کر قومی فٹبال کی نئی تاریخ رقم کردی۔ نیشنل بینک کیخلاف محمد احمد نے فیصلہ کن گول کرکے کے آر ایل کو0-1 سے ایک بار پھر چیمپئن بنادیا۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نےکے آر ایل کے کپتان ضیاالسلام کو فاتح ٹرافی اور تین لاکھ روپے کی انعامی رقم دی۔ رنرز اپ ٹیم کو دو لاکھ روپے اور ٹرافی جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستان ایئرفورس کے کپتان محمد آصف کو ٹرافی اور ایک لاکھ روپےنقد انعام اورپاکستان پولیس کو فیئرپلے ٹرافی اور50ہزار روپے ملے۔پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ایئرفورس کے انٹرنیشنل اسٹرائیکر منصور خان اور بہترین گول کیپر ثاقب حنیف، کے آر ایل کو 25,25ہزار روپے نقد دئے گئے۔ ارشاد الحق (پنڈی) کو بہترین ریفری کا کیش پرائز 15ہزار ، بہترین اسسٹنٹ ریفری وحید مراد (لاہور)کو انعامی رقم 10ہزار روپے، ٹاپ اسکوررفضل الرحمن، کراچی یونائیٹڈ، انصر عباس، پاکستان آرمی اور جدید خان پٹھان، پاکستان واپڈا کو مشترکہ طورپر3,3گول کے ہمراہ ٹاپ اسکوررکی مشترکہ ٹرافی دی گئی۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر پی ایف ایف جسٹس (ر) اسد منیر، سید ظاہر علی شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔کے آر ایل اور نیشنل بینک کے درمیان فائنل وقفہ پر 0-0سے برابر تھا۔ میچ کے 75ویں منٹ میں یاسر آفریدی کی فری کک پرمحمد احمد نے فیصلہ کن گول کیا۔
تازہ ترین