حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ٹنڈویوسف تھانے کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ڈکیتی اوررہزنی میں ملوث اشتہاری ملزم زخمی حالت میں گرفتار،ساتھی فرارہوگیا، دیگر کاروائیوں میں پولیس نے اشتہاری اورمفرور سمیت 7ملزمان کو گرفتارکرکے کچی شراب اور گٹکا برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈویوسف پولیس نے خفیہ اطلاع پر پاکولا فیکٹری کے قریب روڈ پر چھاپہ مارا تو واردات کی نیت سے موجود ملزمان نے فائرنگ شروع کردی،پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے ایک ملزم شوکت خاصخیلی کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے شبیر ٹھیکیدار نامی شخص سے چھینی گئی موٹرسائیکل، 20ہزارروپے ،موبائل فون اورایک غیرقانونی پستول برآمدکرلیا جبکہ اس کاساتھی سہیل فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ایس ایچ او ٹنڈویوسف کے مطابق زخمی حالت میں گرفتارملزم 4کیسز میں اشتہاری ہے اورڈکیتی، رہزنی،قتل اورا قدام قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ علاوہ ازیں ہٹڑی پولیس نے خفیہ اطلاع پر ہالاناکہ کے علاقے میں نیوسبزی منڈی گیٹ کے قریب چھاپہ مارکر قتل کےکیس میں مفرور اشتہاری ملزم طلعت عرف کلو ولد عمر سولنگی کو گرفتارکرلیاہے۔ پبن پولیس نے علاقہ مکینوں کی اطلاع پر کچی شراب کی بھٹی پرچھاپہ مارکر دو ملزمان دلدار منگھنار اورحنیف ڈاھوٹ کو گرفتارکرکے بھاری مقدار میں کچی شراب برآمدکرلی ۔ ایئرپورٹ پولیس نے اغواکے مقدمہ میں مفرورملزم علی احمد کو مہر علی ہاؤسنگ سوسائٹی روڈ سے چیکنگ کے دوران گرفتار کرلیا۔ پھلیلی پولیس نے چیکنگ کے دوران کینٹ تھانے میں درج مقدمہ میں مفرور ملزم شاہد بھٹی کو،ٹنڈوجام پولیس نے چیکنگ کے دوران مفرور ملزم سکندر علی ولد علی احمد گاڈھی اور پنیاری پولیس نے چیکنگ کے دوران گلشن الہی کالونی نورانی بستی سے ملزم عبداللطیف کوگرفتارکرکے 50پیکٹ مضر صحت گٹکا برآمدکرلیا ہے۔