راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) جمعرات کی صبح شہر اور کینٹ کے ساتھ اسلام آباد میں بارش ہوئی ، اس دوران راولپنڈی میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش سے جل تھل ہو گیا جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور پچھلے چند روز سے جاری شدید حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا،نشیبی ایریاز میں پانی جمع ہوگیا ، ایئرپورٹ روڈ ، راول روڈ اور مری روڈ سمیت کینٹ کی بعض سڑکوں پر بھی پانی اکٹھا ہو گیا ، کینٹ ایریاز میں نالیوں کی مناسب صفائی نہ ہونے کی وجہ سے صبح کے اوقات میں بعض گلی محلوں اور بازاروں کی گلیوں اور نالیاں تالاب کی شکل اختیار کر گئیں ، جہلم روڈ پر پانی تالاب کی صورت میں بہتا رہا ، راولپنڈی کے مضافاتی علاقوں میں موسم خشک رہا، ادھر واسا راولپنڈی نے بارش کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ، ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود بھی شہر کے مختلف مقامات پر گئے اور پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا، واسا کی گاڑیوں کو نشیبی ایریاز میں پہنچا دیا گیا اور جہاں بھی پانی جمع تھا اس کو واسا کی مشینری کے ذریعے نکالا گیا، نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح صرف پانچ فٹ تک رہی۔