اسلام آ باد(نمائندہ جنگ)سابق وزیرخزانہ اسحق ڈارکے ریڈ وارنٹ جاری کرکے جائیدادضبطی کی کارروائی شروع کردی گئی ہے،عدالت عظمیٰ میںاسحاق ڈار کی عدم حاضری سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی ہے کہ ایف آئی اے نے اسحاق ڈار کو اشتہاری ملزم قرار دلواتے ہوئے ان کے ریڈ وارنٹس جاری کروا دیئے ہیں اور ان کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو درخواست دے دی ہے جبکہ ان کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ دوسری جانب اسحق ڈار نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو ارسال ایک ای میل ارسال کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سرکاری ٹی وی کے ایم ڈی کی تنخواہ 18لاکھ مقررکرنےسے میرا تعلق نہیں جس نے دی اس سے پوچھیں، بیمار ہوں، نہیں آ سکتا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے ہفتہ کے روز ملزم اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی تو اٹارنی جنرل خالد جاوید خا ن نے وزارت داخلہ کی جانب سے اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق جواب پر مشتمل رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہ اسحاق ڈار کو اشتہاری ملزم قرار دلواتے ہوئے ان کے ریڈ وارنٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔