اتنا تو مجھے پتہ تھا کہ چھوٹی عمر کے ناخوشگوار تجربے انسان کی ساری عمر اس کے ساتھ ساتھ چلتے ہیں، بعد میں چاہے اسے زندگی سے کتنا کچھ ہی کیوں نہ مل جائے۔ ابتدائی سالوں کے وہ نقوش اسے رہ رہ کر ناخوش کرتے رہتے ہیں۔ میری اپنی بڑی بہن جو ایک بے حد خوبصورت انسان ہونے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر بھی ہیں اور زندگی نے انہیں ہمیشہ مجھ سے بڑھ کر نوازا ہے۔ ان کے دل کے اندر ایک عجیب سی افسردگی ہمیشہ رہتی ہے۔ خود انہیں بھی احساس ہے لیکن وہ چاہتے ہوئے بھی اسے خود سے نوچ کر پھینک نہیں سکتیں۔ محض اس لئے کہ بہت بچپن میں یعنی صرف دوسال کی عمر میں ماں باپ سے جدا کر کے خالہ کی گود میں ڈال دیا گیا تھا۔ بہن کی ناخوشگوار ازدواجی زندگی کے مختصر تجربے اور پھر کبھی شادی نہ کرنے کے فیصلے کو اپنے طور پر قابل قبول بنانے کے لئے بہن اور بہنوئی نے اپنی دوسری بیٹی یعنی میری پیدائش پر، اپنی پہلی بیٹی اور اس وقت تین بھائیوں کی بہن کو خالہ کی محبت بھری گود کے سپرد کر دیا۔ بظاہر تو یہ فیصلہ اس بچی کے لئے جو خالہ سے یوں بھی بے حد مانوس تھی ناقابل قبول نہیں تھا، لیکن بڑھتی عمر اور یہ احساس کہ بھرے پرے کنبے کے بجائے محض خالہ اور نانی کی موجودگی چاہے وہ کتنے نخرے اٹھانے والی کیوں نہ ہوں۔ باپ ، ماں اور بھائی بہنوں کی موجودگی کا بدل کبھی نہ بن سکی۔ خاص طورپر جبکہ یہ حقیقت اس بچی سے بھی نہ چھپائی گئی کہ درحقیقت اس کا اپنا گھر کون سا ہے۔
ہمارے ہاں بڑے فیصلے کرتے ہوئے یہ بھول جاتے ہی کہ بچوں کے کچے اور معصوم ذہنوں پر ایسے فیصلوں کے کیا اثرات ہو سکتے ہیں۔ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ پانچ چھ سال تک کے بچے کو کسی بھی بات کا کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ اس کا ذہن اتنا پختہ نہیں ہوتا کہ اس چھوٹی عمر کے تجربات اور احساسات کو باقی زندگی کے لئے ذخیرہ کر سکے۔ اچھے یا برے، یہ تو ضمنی بات ہے لیکن خود میرے اپنے ذہن میں ایسے نقش یا یوں کہیئے کہ فلم کی ریل کی طرح عکس موجود ہیں جن کا سلسلہ میری پونے دو سال کی عمر سے جڑتا ہے۔ بھلا کون یقین کر سکتا ہے کہ اتنا چھوٹا بچہ، اپنے گرد و پیش میں ہونے والے واقعات اور مقامات کو اپنے ذہن میں اس طرح نقش کر لیتا ہے لیکن ایسا ہوتا ہے اور اب ایک بیس سالہ تحقیق نے اس کا ثبوت بھی دے دیا ہے۔
یہ تحقیق پینسلوینا یونیورسٹی کے شعبہ نیورو سائنس کی سربراہ مارتھا فرح نے یہ جاننے کے لئے کیا ہے کہ چھوٹی عمر یعنی چار سال تک کے بچے کی روزمرہ مصروفیات اور تجربات، بڑوں کے رویّے اور ماحول اس کے ذہن پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں اور وہ آگے زندگی میں ان سے کتنی رہنمائی لے سکتا ہے۔ بیس سال پر محیط اس ریسرچ نے ثابت کیا ہے کہ چار سال کی عمر تک بچے کو جو ماحول مہیا کیا جاتا ہے یعنی جیسے اور جتنے لوگ اس کے آس پاس رہتے ہیں، جیسے کھلونے یا کتابیں اسے دی جاتی ہیں، موسیقی کے کتنے آلات۔ اصلی یا کھلونوں کی صورت میں اس کی دسترس میں ہوتے ہیں۔ رنگوں اور خوشبوؤں سے اس کا جتنا تعارف ہوتا ہے یہ سب چیزیں مل جل کر اس کے ذہن کی نشو ونما کرتے ہیں لیکن ان سب سے بڑھ کر محبت کی وہ گرمی جو اسے اس عمر میں حاصل ہوتی ہے یا نہیں ہوتی، ان سب کا اثر زندگی بھر اس کے ساتھ ساتھ رہتا ہے۔
چونسٹھ بچوں کے دماغوں کا اسکین (SCAN) پہلے چار سال کی عمر میں کیا گیا، پھر آٹھ سال کی عمر میں اور آخری اسکین سترہ اور انیس سال کی عمروں میں اور اس سارے عرصے میں سائنسدان ان بچوں کے گھروں کے ماحول، ان کی زندگی میں موجود افراد اور باقی ہر طرح کے تجربات سے باخبر رہے لیکن نتیجے نے یہ ثابت کیا کہ جو ماحول، حالات، رویّے اور دوسرے عوامل ایک بچے کو چار سال کی عمر تک پیش آتے ہیں وہی اس کی باقی زندگی اور ذہنی نشو و نما کے لئے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ دماغی نشو ونما میں اس کے بعد کوئی واضح فرق محسوس نہیں کیا گیا ۔ بچے بڑے ہوتے ہیں، تعلیم حاصل کرتے ہیں یا نہیں کر سکتے، زندگی کے بہت سے دوسرے تجربات سے گزرتے ہیں۔ جو مختلف لوگوں اور مختلف حالات کے تحت بے حد متفرق ہو سکتے ہیں لیکن سائنسدانوں کا خیال ہے کہ چار سال کی عمر تک پیش آنے والے واقعات، اس عرصے تک گزاری گئی زندگی، ماں باپ اور دوسرے گھر والوں کے رویّے، محبت اور توجہ یا ان دونوں کی عدم موجودگی اور پورا ماحول مل کر ایک انسان کے رویوں، اس کے فیصلوں اور زندگی گزارنے کے طریقوں کا تعین کرتے ہیں۔
ماں باپ زندگی بھر تو کسی کے ساتھ نہیں رہتے لیکن اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے صحیح فیصلے کر سکیں، اپنی زندگی کی راہیں مثبت خطوط پر استوار کریں اور سب سے بڑھ کر ایک مطمئن اور خوشگوار زندگی گزار سکیں تو اس وقت کا انتظار نہ کیجئے کہ بچہ ذرا بڑا ہو جائے تو اسے اچھے، برے اور مثبت چیزوں کی پہچان کرائیں۔ یہ سارے کام آپ کو چار سال کی عمرتک کر لینے چاہئیں کیونکہ اس وقت تک کمہار کی کچی مٹی کی طرح ذہن کی سطح پر پڑنے والے نقش بھی پکّے ہو جاتے ہیں پھرآپ لاکھ کوشش کریں پختہ مٹی کو نئے سرے سے گوندھ کر نئے سانچے میں نہیں ڈھال سکتے، اس لئے شروع سے ہی احتیاط لازم ہے۔
مانا کہ حالات اور ماحول آپ کے اختیار میں نہیں یعنی وہ ماحول جو روپے پیسے اور چیزوں سے عبارت ہے لیکن میٹھے بول، بچوں کی بات توجہ سے سننے کی عادت اور لمس کی گرمی تو آپ کے اختیار میں ہے۔ یقین جانیں یہ سب کسی بھی ٹانک یا بیرونی محرک سے بڑھ کر کام کرتے ہیں۔ میرے ماں باپ مجھے چاہتے ہیں، میری ذات کو گھر میں اہمیت دی جاتی ہے۔ یہ اعتماد زندگی بھر انسان کے ساتھ ساتھ چلتا ہے۔