راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی سیف سٹی پراجیکٹ کاکام فنڈزختم ہونے کی وجہ سے روک دیاگیا۔ پنجاب حکومت نے لاہورکے بعد صوبے کے چاربڑے شہروں ملتان ،فیصل آباد،گوجرانوالہ اورراولپنڈی میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کااعلان کیاتھا اوران چاروں شہروں میں اس منصوبے کے لئے عمارتوں کی تعمیرکاکام شروع کردیاگیاتھا۔اس مقصدکے لئے راولپنڈی میں سی پی اوآفس سے متصل پلاٹ میں مرکزی کنٹرول روم اورپراجیکٹ کے دفاتر اوراس سے متصل سی پی اوآفس کی بلڈنگ کی تعمیرشروع کردی گئی تھی اوراس مقصدکے لئے شہبازشریف کی صوبائی حکومت نے 13کروڑ90لاکھ روپے کی پہلی قسط جاری کردی تھی۔اس سرمائے سے سیف سٹی پراجیکٹ کی تین منزلہ عمارت کاڈھانچہ تیارہوگیاہے جب کہ سی پی اوآفس کی بلڈنگ کا کام فرسٹ فلورتک پہنچ گیاہے لیکن اب فنڈزختم ہونے کے باعث تعمیراتی کام روک دیاگیاہے۔ ادھرذرائع کاکہناہےکہ پراجیکٹ پرکام کرنے والی فرم نے مزید16کروڑ70لاکھ روپے کی ڈیمانڈکردی ہے۔مزیدفنڈزکے اجراء کے بعدتعمیراتی کام شروع کیاجاسکے گا۔ذرائع کاکہناہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت راولپنڈی میں 12 ہزار سے زیادہ کیمرے لگائے جائیں گے یہ کیمرے ضلع بھرکے اہم مقامات اور اندرون شہر کی سڑکوں پر لگیں گےاس نیٹ ورک کی تکمیل کے بعدکیمرےکی آنکھ سے راولپنڈی کی نگرانی کی جاسکے گی۔