• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ملازمت کے مواقع کیسے بڑھائے جائیں؟

کوئی بھی کمپنی محض سات سیکنڈ میں آپ کی شخصیت، تعلیم اور کارکردگی کا اندازہ آپ کی بھیجی گئی سی وی کے ذریعے لگاتی ہے۔ یہ بات درست ہے کہ ابتدائی طور پر ملازمت کےلیے موصول ہونے والی’سی وی‘ کو چھانٹی کے دوران صرف7 سیکنڈ دیے جاتے ہیں اور اس دوران HR ڈپارٹمنٹ یہ فیصلہ کرلیتا ہے کہ آپ ملازمت اورانٹرویو کےلیے بلائے جانے کےاہل ہیں بھی یا نہیں۔ ان7 سیکنڈ میں کسی بھی کمپنی یا ادارے پر اپنی شخصیت اور کارکردگی کا مثبت تاثر قائم کرنا کوئی آسان کام نہیںہوتا۔ اگر آپ کی سی وی بہترین انداز سے بنی ہو تو ملازمت کے لیے انٹرویو کال آناکچھ زیادہ مشکل نہیں ہوتا ہےبشرطیکہ آپ کا سی وی ذاتی تعارف وکیریئر کی تفصیل جامع اور مؤثر انداز میں پیش کرے۔ یوں سمجھیں کہ سی وی آپ کے ماضی و حال کے اہم کارناموں، تجربات اور رجحانات کا خلاصہ ہے۔ 

جس کا مقصد متعلقہ ادارے تک آپ کی پیشہ ورانہ زندگی کا مختصر اور جامع تعارف پہنچانا ہوتا ہے تاکہ اس کو دیکھ کر آپ کو انٹرویو یا دیگر مراحل کے لیے منتخب کیا جاسکے۔ ایک جامع یا مؤثر سی وی بنانے کا کو ئی ایک ’پرفیکٹ فارمیٹ‘ نہیں، مختلف شعبوں کے لیےسی وی کے مختلف مندرجات پر زور دیا جاتاہے۔ تاہم ماہرین سی وی کی تیاری کے حوالے سے کچھ بنیادی اصول وضع کرتے ہیں، جن پر عمل کرتے ہوئے کسی بھی شعبے سے وابستہ افراد بہترین سی وی تیار کرسکتے ہیں۔

ضروری نکات

سی وی بنانے سے قبل ذیل میں درج نکات کا علم ہوناضروری ہے

٭جس جاب کے لیے آپ سی وی بھیج رہے ہیں اس پر غور کریں، ساتھ ہی اس کمپنی یا ادارے پر بھی جہاں آپ ملازمت کے لیے سی وی بھیج رہے ہیں مثلاً کمپنی کیسی ہے؟ کیاکرتی ہے ؟اسے کیسے ملازم کی تلاش ہے؟ اس ملازمت پر درخواست دینے کے لیے آپ کی خصوصی مہارتیں کیا ہیں؟ ان تمام چیزوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے سی وی کی تیاری کا آغاز کریں۔

٭سی وی دوصفحات سے زائد پر مشتمل نہ ہو، اگر آپ کا تجربہ اور قابلیت زیادہ ہے تو تین صفحوں سے ہرگز آگے نہ بڑھائیں۔

٭سی وی بنانے کے لیے آسان اور روایتی فونٹ استعمال کریں۔

٭سی وی بناتےوقت صرف وہ معلومات دیں جو ضروری ہوں، سی وی میں غیر ضروری جملوں سے گریز کریں۔

٭سی وی کے لیے مناسب اور مؤثر کی ورڈز استعمال کریں۔

ذاتی معلومات

سی وی لکھتے وقت سب سے پہلے اپنی ’کانٹیکٹ انفارمیشن‘دیںمثلاًموبائل نمبر، گھر کاپتہ ،ای میل ایڈریس، سوشل میڈیا پروفائل کا یوآر ایل، لِنکڈاِن آئی ڈی وغیرہ۔ یہ تمام معلومات درست ہونی چاہئیںکیونکہ ذرا سی غلطی آپ کو انٹرویو کال سے دور کرسکتی ہے۔

پیشہ ورانہ مقاصد

عام طور پر طلبہ و طالبات سی وی بناتے وقت (Object)پیشہ ورانہ مقاصد کو اہمیت نہیں دیتےلیکن یہ انتہائی ضروری ہے۔ اپنی قابلیت اور مستقبل کے مقاصد کا خلاصہ چھوٹے سے پیرا گراف میں کریں اور بتائیں کہ آپ کیا بننا چاہتے ہیں، کیا مقاصد کیا ہیں اور کمپنی کے لیے کس طرح فائدہ مندثابت ہوسکتے ہیں۔ انٹرویو لینے والے کو پہلے سے ہی معلوم ہوناچاہیےکہ آپ کس طرح کی ملازمت کی خواہش رکھتے ہیں، آپ کے ’پروفیشن‘ کا ٹائٹل ذاتی معلومات کے بعدلازمی لکھا ہونا چاہیے۔

تصویرلازمی لگائیں

بہت سے طلبہ وطالبات تصویر سے متعلق پریشان ہوتے ہیں کہ آیا سی وی میں تصویر شامل کی جائے یا نہیں۔ تاہم ماہرین کی رائے کے مطابق سی وی میں پروفیشنل فوٹوگراف کا اضافہ ضروری ہے، اس کے بغیر سی وی ادھوری سمجھی جاتی ہے۔

تجربہ اور کامیابیاں

اپنی سابقہ ملازمتوں کی تفصیل لکھیں کہ آپ کس عرصے میں کہاں کہاں اورکیا کیا کام کرچکے ہیں۔ سابقہ ملازمتوں کے دوران بہترین کارکردگی پرملنے والے ’پرفارمنس سرٹیفیکیٹ‘ کا بھی اندراج کریں، جس کا مقصد متعلقہ کمپنی کو یہ آگاہ کرنا ہے کہ آپ نے سابقہ اداروں میں کس نوعیت کا کام کیا ہے اور کون سی وہ اہم کامیابیاں ہیں جو کسی دوسرے فرد سے آپ کو ممتاز بناتی ہیں۔اگر آپ ایک سے زائد زبانوں پر عبور رکھتے ہیں تو ان کا تذکرہ کرنابھی ضروری ہے تاہم اس کے لئےزیادہ طوالت بھرے جملوں کے بجائے متاثر کن اور چھوٹے جملے استعمال کریں۔

تعلیمی قابلیت

اپنی تعلیمی قابلیت درج کرنا ہر گز نہ بھولیں ۔تعلیم سے متعلق تمام تر معلومات مؤثر انداز میں فراہم کریں۔میٹرک سے لے کر آخری ڈگری تک سب کا اندراج کم لفظوں میں لیکن متاثر کن انداز میں کریں۔ اس بات کا دھیان رکھیں کے آپ جو معلومات فراہم کریں وہ بالکل درست ہوں۔

مشغلہ اور دلچسپیاں

یہ حصہ بھی آپ کی سی وی کے لیے اہم ہے۔ اس حصے میں اپنے مشاغل اور دلچسپیوں کو ذکر کریں، خاص طور پر ایسے مشاغل جو ملازمت یا متعلقہ ادارے سے میل کھاتے ہوں۔

ریفرنسز

ریفرنس سے متعلق ادارے مختلف رائے رکھتے ہیں، سی وی بھیجنے سے قبل ادارے سے متعلق مشاہدہ کیا جائے۔ ریفرنس کے لیے آپ ان لوگوں سے متعلق معلومات درج کریں جن سے ماضی میں آپ کا پیشہ ورانہ تعلق رہا ہو۔

تازہ ترین