اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اڈیالہ سنٹرل جیل میں قید پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی طرف سے ٹویٹ نے ملک میں سیاسی ہلچل مچا دی ہے۔ مریم نواز کی طرف سے سوشل میڈیا پر پیغام دیا گیا ، مواد فیض احمد فیض کی نظم سے لیا گیا ہے۔جس دھج سے کوئی مقتل میں گیا ،وہ شان سلامت رہتی ہے۔ یہ جان تو آنی جانی ہے، اس جان کی تو کوئی بات نہیں۔ گر بازی عشق کی بازی ہے، جو چاہو لگا دو ڈر کیسا۔ گر جیت گئے تو کیا کہنا ، ہارے بھی تو بازی مات نہیں۔ ووٹ کو عزت دو مسلم لیگ ن کا انتخابی نعرہ بن چکا ہے ۔ پی ٹی آئی کے چئیر مین عمران خان سمیت کئی افراد نے مریم نواز کا پیغام آنے کے بعد سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار اور نیب عدالت کو نوٹس لینا چاہیےکہ نگران حکومت نے کس آئین و قانون کی بنیاد پر نایاب سہولتیں دینا شروع کر دی ہیں ۔ عمران خان نے سوال کیا ہے کہ جیل میں سہولت کس قانون کے تحت فراہم کی گئی ہے جیل میں انہیں یہ سہولت فراہم کرنے کا کس نے حکم دیا ہے۔ ادھر اسیری کے بعد مریم نواز کا سوشل میڈیا پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے یہ پہلا رابطہ ہے۔ تاہم یہ بات یقینی نہیں کہ کیا اڈیالہ جیل میں مریم نواز کو مواصلاتی رابطوں کی سہولت مل گئی ہے اور نہ ہی اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ مذکورہ ٹویٹ خود مریم نواز نے ہی کیا ہے یا اُن کی سوشل ٹیم کی جانب سے اُن کا ٹوئیٹر اکاؤنٹ استعمال کیا گیا ہے۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے یہ وضاحت کی ہے کہ مذکورہ ٹویٹ مریم نواز نے اڈیالہ جیل سے نہیں کیا بلکہ اب اُن کا ٹوئیٹر اکاؤنٹ قریبی رشتے دار چلا رہے ہیں۔