خوبصورت گھر کے ساتھ خوبصورت باورچی خانہ بھی ہر ایک کا خواب ہوتاہے۔ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا باورچی خانہ دوستوںاور عزیزوں کے باورچی خانوں سے نا صرف خوبصورت ہو بلکہ اس میں آرائش و آسائش کا سامان بھی قابلِ رشک ہو۔ ایک اچھا باورچی خانہ اس گھر کی خاتون خانہ کے مزاج کا آئینہ دار ہوتا ہے۔اس میں استعمال ہونے والی ہر اشیا، اس کے رنگوں کا امتزاج آپ کے ذوق کی عکاسی کرتا ہے اور اس کے اندر کی صفائی ستھرائی آپ کی نفاست کو ظاہر کرتی ہے۔
اس مقصد کے لیے آپ باورچی خانہ کے پیشہ ور ماہرین اور ڈیزائنرز سے مدد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ باورچی خانہ کی تزئین و آرائش کے لیےماہر ڈیزائنر سے مدد نہیں لینا چاہتے تو یہ مضمون آپ کی رہنمائی کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ ان تجاویز کو پیشِ نظر رکھ کر آپ اپنے گھر میں بہترین باورچی خانہ تعمیر کرسکتے ہیں۔
جگہ کی گنجائش کی اہمیت
باورچی خانے کے فرنیچر اور استعمال ہونے والے دیگر سامان کے درمیاں مناسب جگہ کا ہونا بہت ضروری ہے ۔مثلاًکیبنٹس، درازیں اور کچن کی الماری وغیرہ کے درمیاں مناسب ترتیب و تنظیم بہت ضروری ہے، تاکہ باورچی خانے میں کام کرنے میں کوئی اُلجھن اور آنے جانے میں رکاوٹ نہ ہو۔
ضروری رقبہ
6سے8افراد کے خاندان یا تین سے چار بیڈ روم کے گھر کیلئے12'x12'سائز کا کچن اچھا رہے گا۔
قدرتی ہوا اور روشنی کا انتظام
تازہ اور قدرتی ہوا کا باورچی خانے میں آنا بہت ضروری ہے۔ اس سے ایک تو کچن کی بُو دور ہوتی ہے، دوسرا دیواروں اور فرنیچر پر کائی اورپھپوندی بھی نہیں لگتی۔ اسی طرح، قدرتی روشنی سے باورچی خانہ اور زیادہ روشن نظر آتا ہے۔ اگرچہ لائٹس کا انتظام اچھا ہونا چاہیے، لیکن باورچی خانہ میں قدرتی روشنی کی اہمیت سے کسی طور انکار نہیں کیا جا سکتا۔ عام طور پر کھڑکی، سِنک کے ساتھ لگائی جاتی ہے، تاکہ آپ کام کے ساتھ ساتھ باہر کے نظارے اور تازہ ہوا سے بھی لُطف لے سکیں۔
چولھے کی اہمیت
باورچی خانے میں چولھا سب سے ضروری اور بنیادی چیز ہے، جس کا اوون کے ساتھ مکمل سیٹ ہوتا ہے۔چولھا ایسی جگہ پر ہونا چاہے، جہاں گیس یا بجلی کی فٹنگ بالکل قریب ہوں۔
فریج کی اہمیت
آپ کو فریج کا خاص خیا ل رکھنا چاہیے کہ یہ سہی جگہ پر رکھا ہوا ہو اور آپ کو کچن میں کام کرنے میں مشکل نہ ہو۔ فریج کا دروازہ کھولنے میں مشکل نہیں ہونی چاہیےتاکہ چیزیں آسانی سے رکھی اور نکالی جا سکیں۔ اگر کوئی دوسرا فرد، فریج کا دروازہ کھولنا چاہے تو باورچی خانے میں کام کرنے والے کو جگہ کی تنگی کا احساس نہیں ہونا چاہیے۔
دیگر اپلائنسز
آپ کے خیال میں صرف چولہا اور فریج ہی اپلائنسز ہیں تو یہ آپ کی غلط سوچ ہے۔ باورچی خانہ، اپلائنسز کے بغیر ادھورا ہوتا ہے۔ اپلائنسز آپ کی طویل مدتی سرمایہ کاری ہے، اس لیے ان میں سوچ سمجھ کر خرچ کریں۔باورچی خانے کی دیگر اپلائنسز میں جوسر، مکسراور ایگ بیٹر بھی آتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی کئی اپلائنسز کے آپشنزموجود ہیں، جن کا دارومدار آپ کے بجٹ پر ہے۔
ہوا نکالنے والا پنکھا
باورچی خانے کی اپلائنسز میں ایک اہم چیز گرم ہوا باہر نکالنے والا پنکھا بھی ہے، جسے ایکزاہسٹ فین کہتے ہیں۔ کوکنگ اور بیکنگ کرتے ہوئے، آپ کو اپنے گھر کو تندور بننے سے بچانے کے لیے اس کی ضرورت پڑتی ہے۔
کیبنٹ اور دراز کی ترتیب
باورچی خانہ میں لگائے جانے والے مختلف کیبنٹس کا سائز اور ان کااسٹائل ایک دوسرے سے مختلف ہو سکتا ہے، یہ اس پر منحصر ہے کہ آپ کس کیبنٹ میں کیا چیز رکھیں گی اور کتنی مقدار میں رکھیں گی۔ اسی طرح درازوں کا استعمال بھی مختلف چیزوں کے لحاظ سے مختلف ہو تا ہے۔ آپ کو اپنے باورچی خانہ کی جگہ کے لحاظ سے ساری پلاننگ کرنا ہوگی۔
اسٹوریج کا انتظام
کچن میں نیچے کی طرف بنی ہوئی کیبنٹس اور درازیں بڑےبرتن اور چیزیں رکھنے کے کام آتے ہیں۔ اوپر کے کیبنٹس ایک فٹ سے زیادہ چوڑے نہیں ہونے چاہئیںاور سلیب سے تقریباً دو فٹ کے فاصلے پر ہونے چاہئیں تاکہ آسانی سے استعمال کیے جا سکیں۔
چُھریوں کا سیٹ
سب سے پہلے اورسب سے ضروری چیز، جس کے بغیر آپ کی کوکنگ ادھوری ہے، وہ ہے ایک معیاری اور تیز چھریوں کا سیٹ۔ چھریوں کا استعمال آپ کو روزمرہ کوکنگ میں بہت زیادہ کرنا پڑتا ہے، اس لیے ان کا بہترین کوالٹی کا ہونا ضروری ہے۔ چھریاں رکھنے کے لیے کیبنٹ میں خصوصی جگہ بنوائیں تاکہ انھیں اٹھانے اور رکھنے میں ہاتھ محفوظ رہیں۔
کٹلری منظم کریں
ایک مصروف گھر کے اندر، جس چیز کی آپ کو سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے،وہ ہے کٹلری۔ ہر چیز اپنی جگہ پر ہو تو آپ کو اور کیا چاہیے، اس کیلئے آپ الگ سے کوئی شیلف بنواسکتی ہیں یا پھر دراز بھی اس مقصد کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے۔
فرش کا انتخاب
کچن کے لیے درست فرش چننا آسان نہیں ہے۔ اس کے لیے آپ کلاسک ٹائلوں، پی وی سی، لینولیم، لکڑی، ماربل وغیرہ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آپ کے لیے بہترین انتخاب وہ فرش رہے گا، جو آپ کے بجٹ اور باورچی خانے کی مجموعی سیٹنگ کو مزید اُبھارنے اور نکھارنے کا کام کرے۔
ڈیزائن کی اہمیت
آپ اپنے گھر کے مجموعی ڈیزائن اور جگہ کی مناسبت سے باورچی خانہ کے لیے U، Lاور Iڈیزائن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ کچھ گھروں کا مجموعی نقشہ ایسا ہوتا ہے کہ وہاں تکونی باورچی خانے ہی اچھے لگتے ہیں۔