• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کو نئے مالکان کے حوالے کرنے کی تاریخ سامنے آگئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

قومی ایئر لائن پی آئی اے کو نئے مالکان کے حوالے کرنے کی تاریخ سامنے آگئی، حکومت پی آئی اے کی ملکیت رواں ماہ ہی عارف حبیب کنسورشیم کو منتقل کردے گی۔

اس بارے میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ نے اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔

پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط کے مطابق پی آئی اے 25 مئی تک عارف حبیب کنسورشیم کے حوالے کردی جائے گی۔ اس بارے میں نجکاری کمیشن فرسٹ کلوزنگ ڈیٹ کا اعلان کرے گا۔

خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص بھی خرید لیے ہیں۔

پی آئی اے کی منتقلی معاہدے کی کنڈیشن پریسڈینٹ پر عمل درآمد سے مشروط ہے، نجکاری کمیشن کو معاہدے کی کنڈیشن پریسڈینٹ پر عمل کروانا ہے۔

عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کو 180 ارب روپے میں خریدا ہے۔ اس میں 55 ارب روپے حکومت کو ملیں گے۔ جبکہ 125 ارب روپے پی آئی اے میں فریش ایکویٹی کے طور پر ری انویسٹ ہو جائیں گے، معاہدے کے تحت نئی انتظامیہ ایک سال تک پی آئی اے کے کسی ملازم کو فارغ نہیں کرسکے گی۔

دوسری جانب پی آئی اے کے اہم بورڈ اجلاس کی تاریخ اور ایجنڈے میں تبدیلی  ہوگئی، پہلے پی آئی اے کا بورڈ اجلاس 30 اپریل کوطلب کیا گیا تھا، پہلے والے بورڈ اجلاس سے 2025 کے 9 ماہ کے حسابات کے جائزے کو ایجنڈے سے نکال دیا گیا تھا، اب 8 مئی کو ہونے والے بورڈ اجلاس میں 2025 کے 9 ماہ کے حسابات کے جائزے کو ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 2025 کے مالی حسابات کی منظوری پی آئی اے کی نجکاری کی تکمیل کیلئے ضروری ہے۔

قومی خبریں سے مزید