• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ماہر لسانیات . . . بحیثیت کیرئیر

جب کبھی دیار غیر جائیں تو وہاں کی مقامی زبان سے ناآشنائی بہت سے مسائل کا سبب بنتی ہے۔ ایسے میں آپ کو مترجم کی ضرورت پڑتی ہے۔ یہ صورتحال اس وقت مزید خراب ہو جاتی ہے جب آپ بیمار ہوں اورآپ کو اپنی بیماری کی نوعیت کسی عربی یا تھائی ڈاکٹر کو بتانی ہو اور اس وقت کوئی مترجم دستیاب نہ ہو۔ خوش قسمتی سے عرب ممالک، امریکا اور برطانیہ میں آپ کو پاکستانی ڈاکٹرز مل جاتے ہیں یا پھرہسپتال کے عملے میں آپ کی بات کو سمجھنے والے لوگ موجود ہوتے ہیں، جن کی وجہ سے آپ اپنی تکلیف کو بآسانی بیان کرپاتے ہیں۔

مختلف زبانیں سیکھنے سے نہ صرف ذہن تیز ہوتا ہے بلکہ یہ آپ کو مقامی اوربین الاقوامی سطح پر لوگوں سے ان کی زبان میں ہم کلام ہونے اور ایک دوسر کو جاننے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ اگر آپ کو اردو اور انگریزی زبان پر عبور حاصل ہے تو آپ عربی،چائنیز، جرمن یا فرینچ زبا ن پر بھی دسترس حاصل کرکے اپنے روشن مستقبل کی جانب قدم بڑھا سکتے ہیں۔

عام طور پر زیادہ ترلوگ مادری زبان کے علاوہ دیگرزبانیں عمر کے درمیانی یا آخری حصے میں سیکھتے ہیں۔ ان کی ضروریات مختلف اور جدا ہوتی ہیں، کچھ لو گ اپنے مطالعے کو وسیع کرنا چاہتے ہیں اور کچھ اپنے کاروبار کو مزید پھیلانا چاہتے ہیں یا پھر بعض دوسرے لوگ روزگار یا بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے زبانیں سیکھتے ہیں۔ وجہ خواہ کوئی بھی ہو، ایک سے زائد زبانیں سیکھنا تقریباً کامیاب یا کامیابی کی چاہت رکھنے والے ہرانسان کی اولین ترجیح رہی ہے۔ 

جب مختلف زبانیں سیکھنااتنا ہی ضروری اور اہم ہے تو اس بات کے لیے کیا امر مانع ہے کہ زبانیں سکھانے کا عمل پرائمری درجات سے ہی شروع کردینا چاہیے اور اس قدر باقاعدگی اور اہتمام کے ساتھ شروع کیا جائے کہ اسکول کے طلبہ انٹرمیڈیٹ میں پہنچنے تک تین سے پانچ زبانیں بحسن وخوبی سیکھ لیں۔ اس طرح وہ اسے اپنے لیے روزگا ر کا ذریعہ بنا سکیں گے کیونکہ اس شعبےمیں ترقی کے بہت مواقع موجود ہیں۔ آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں کہ ماہر لسانیت کیا کیا خدمات انجام دے سکتا ہے۔

تعلیمی میدان میں خدمات

اگر آپ درس و تدریس سےوابستہ ہیں اور آپ کودوسری زبانوں پر بھی عبور حاصل ہے تو آپ مختلف ممالک کے لیے تعلیمی مواد کی تیار ی، استاتذہ کی تربیت اور امتحانی مواد کی ڈیزائننگ کا کام کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ زبان سے متعلق موضوعات پر مخصوص کمیونٹی کی معاونت بھی کرسکتے ہیں۔ بہت سے ماہرِ لسانیت تعلیم اور ریسرچ میں ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔

بطور مترجم

اگر آپ ایک ماہرمترجم ہیں تو آپ کی ضرورت دنیا کے کسی بھی کونے میں پڑ سکتی ہے۔ سرکاری اداروں سے لے کر ہسپتالوں اور عدالتوں تک، آپ دو مختلف زبانیں بولنے والوں کے درمیان گفت و شنید کو ممکن بنا سکتے ہیں۔ اس ضمن میں متعلقہ دو زبانوں (Language Pair)میں آپ کی قابلیت انتہائی لازمی ہے، آپ اس کے لیے باقاعدہ تربیت بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

مترجم کا کام آپ بذریعہ ای میل اور انٹرنیٹ گھر بیٹھے بھی کر سکتے ہیں اور ہزاروں روپے کما سکتے ہیں۔

لسانی دستاویزات کی تیاری

بہت سی ایجنسیاں اور ادارے ان ماہرِ لسانیات کی تلاش میں رہتے ہیں جو دستاویزات کی تیاری ،تجزیہ اور زبان کو محفوظ کرنے والے عوامل میں ان کی مشاورت کرسکیں۔ بہت سے ادارے زبان سے متعلق فیلڈ ورک بھی کرواتے ہیں، جن میں سروے کا انعقاد، تعلیم کے فروغ کاپروگرام یا ثقافتی ورثے کا ترجمہ شامل ہوتاہے تاکہ ہر چیز کو اپنی زبان میں دستاویزی شکل دے دی جائے۔

اشاعتی اداروں میں ملازمت

اگر آپ لکھنے کے علاوہ دیگر زبانیں بھی اچھی طرح بو ل سکتےہیں تو آپ کے لیے ایڈیٹنگ، پبلشنگ اور رائٹنگ کی ملازمت آئیڈیل ہو سکتی ہے۔

ٹیسٹنگ ایجنسی میں کام

ماہرِ لسانیات کسی دوسری زبان میں لیے جانے والے امتحانی پرچوں کی تیاری اور تشخیصی معاملات کے معیاری کام میںمدد کرسکتاہے۔

لغات کی تیار ی(لیکسیکو گرافی)

قابل ماہر لسانیات کے بغیر عمدہ لغت کی تیاری ممکن نہیں ہوتی ۔ماہر لسانیات کو اپنی زبان میں موجود الفاظ کی ادائیگی، لہجے، صوت اور ہیئت کی مکمل معلومات ہوتی ہے ۔ لیکسیکو گرافر بننے کے لیے مقامی زبان کاعلم ہونا بہت اہم ہوتا ہے۔

بطور ثانوی زبان پڑھانا

اگر آپ کو عربی زبان پر دسترس حاصل ہے تو آپ اپنے ہی ملک میں عربی کے استاد بن کر اپنے کیریئر کو دوام بخش سکتےہیں ۔ بالکل ایسے ہی اردویا فارسی کی ڈگری لے کر آپ دیارِ غیر میں موجود ان درسگاہوں میں ملازمت کی عرضی دے سکتے ہیں جہاں اردو یا فارسی اساتذہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

ایڈورٹائزنگ کمپنی میں ملازمت

گلوبلائزیشن کا زمانہ ہے اسی لئے مشہور برانڈ سرحدوںکی قید سے آزاد ہیں۔ ان غیر ملکی برانڈ کو مقامی رنگ دینے اور خطے کے لوگوںتک پیغام پہنچانے اور ان کے رویے کی جانچ اورریسرچ کرنے کے لیے مترجم کی ضرورت پڑتی ہے۔ یہ ایک بہترین روزگار بھی ثابت ہوسکتا ہے، جس میں ترقی کے بے انتہا مواقع ہوتے ہیں۔ 

تازہ ترین