سکھر+ڈگری+کھپرو (بیورو رپورٹ/نامہ نگاران) واٹر کمیشن کے سربراہ امیر ہانی مسلم دورہ سکھر کے دوران معاملات بہتر نہ ہونے پربرہم ہو گئے۔ڈگری اور کھپرو میں بھی واٹر سپلائی اسکیموں کا دورہ،ٹراما سنٹر کے غیر فعال ہونے کی شکایت پر سیکرٹری ہیلتھ طلب تفصیلات کے مطابق سکھر واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم کے دورہ سکھر کے موقع پر معاملات بہتر نہ ہونے پر میئر سکھر، ایکسئین پبلک ہیلتھ سمیت دیگر انتظامی افسران پر برہم ہوگئے۔ متعلقہ افسران کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ سے کام نہیں ہورہا تو ہمیں تحریری طور پر لکھ کر دیں، واٹر کمیشن کے سربراہ نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری ایریگیشن، محکمہ پبلک ہیلتھ اور ورکس اینڈ سروسز کے افسران کو کراچی عدالت میں طلب کرنے کے نوٹسز جاری کردیئے۔ واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے سکھر میں پیر مراد شاہ قبرستان اور قریشی روڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ امیر ہانی مسلم نے گزشتہ ماہ بھی سکھر کا دورہ کرکے پیر مراد شاہ قبرستان میں تجاوزات اور نکاسی آب کا پانی دیکھ کر ضلعی افسران کوکراچی رجسٹری طلب کرکے سرزنش کی تھی اور قبرستان سے تجاوزات کے خاتمے، ڈرینج پانی کی نکاسی سمیت قبرستان کی حفاظتی دیوار تعمیر کرنے کے احکامات دیے تھے، واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر مسلم ہانی اپنے ہی جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے پیر مراد شاہ قبرستان پہنچے تو وہاں پر ،حفاظتی دیوار کی تعمیر میں تاخیر اور تجاوزات دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا، ایکسیئن پبلک ہیلتھ سے دیوار کی تعمیر کا سوال کیا مگر غیر تسلی بخش جواب پر ان کی سرزنش کی، امیر ہانی مسلم نے معلوم کیا کہ حفاظتی دیوار کا کام مکمل کیوں نہیں ہورہا، انجینئر لطف اللہ نے کہا کہ چار ماہ میں مکمل ہوجائیگا، بجٹ نہیں مل رہا، جس پر جسٹس(ر) امیر ہانی مسلم نے پوچھا کہ کتنا بجٹ ہے، انجینئر نے جواب دیا کہ 6ملین ہے، 45 لاکھ مل چکے ہیں۔ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ واٹر کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری ایریگیشن سمیت ایکسئین پبلک ہیلتھ اور ورکس اینڈ سروسز کے انجینئر کو کراچی عدالت طلب کرنے کے لئے نوٹس جاری کردیئے۔ ڈگری واٹر کمیشن کے سربراہ امیر ہانی مسلم نے ڈگری اور کھپرو میں واٹر سپلائی اسکیموں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وہ تعلقہ اسپتال ڈگری بھی گئے، اس موقع پر ان کے ہمراہ پبلک ہیلتھ اور دیگر بھی موجود تھے ـ امیر ہانی مسلم سب سے پہلے ڈگری واٹر سپلائی اسکیم کے معائنے کے لیے پہنچے۔ تالابوں کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیااور صفائی کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا واٹر سپلائی اسکیم پر موجود پبلک ہیلتھ کے فلٹر پلانٹ کے غیر فعال ہونے کی شکایت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آپریٹرز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے فلٹر پلانٹ کو فوری فعال کرنے کا حکم جاری کیا۔ اس موقع پر وہاں موجود افراد کی جانب سے اسپتال میں قائم ٹراما سینٹر کے غیر فعال کی شکایت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 7 اگست کو سیکرٹری ہیلتھ کو سندھ بھر کے ٹراما سینٹر کے حوالے سے بریفنگ کے لئے طلب کرلیا۔ کھپرو امیر ہانی مسلم نے کھپرو شہر میں واٹر سپلائی اسکیم کا دورہ کیا ۔انہوں نے واٹر سپلائی کے پانی کے تالابوں کی صفائی اور شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم نہ کرنے پر سخت بر ہمی کا اظہار کیا ۔انہوں نے فلٹر پلانٹ کا بھی معائنہ کیا اور تالابوں کے گرد گندگی اور کچرےپر ناپسندیدگی کااظہار کیا ۔انہوں نے ٹی ایم او کی غیر موجودگی پر اسسنٹ انجئیر کی سر زش کرتے ہوئے ٹی ایم او کھپرو کو ہٹانے کا حکم جاری کرتے ہوئے چئیرمین میونسپل کمیٹی کھپرو اور ٹی ایم او کھپرو کو ریکارڈ سمیت 7/اگست کو طلب کر لیا ہے۔اس موقع پر مخالف کونسلروں نے شکایات کے انبار لگا دیئے ۔