• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گھر کے صحن میں بنائیں لیونگ روم

ہر موسم کی خوبصورتی کا مزہ لینے اور ہریالی کے درمیان رہتے ہوئے قدرتی روشنی کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے گھر میں موجود صحن کسی نعمت سے کم نہیں۔ یہ گھر کا وہ حصہ ہوتا ہے جس کی سادہ سی زمین کوبھی تخلیقی خیالات کے ساتھ خوبصورت بنایا جاسکتا ہے، جس کی سفید دیوار کو تھوڑی سی محنت اور سرمایہ کے ساتھ دلکش رُوپ دیا جاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آؤٹ ڈور گارڈننگ ایریا کے بعد آؤٹ ڈور کچن ہر گھر کی ضرورت سمجھے جانے لگے ہیں اور اب آؤٹ ڈور لیونگ روم کا ٹرینڈ بھی خاصا مقبول ہورہا ہے۔ڈیزائنر ان ڈور کے بجائے آؤٹ ڈور لیونگ روم کو دو طرح سے زیادہ فائدہ مند قرار دیتے ہیں، ایک تو یہ کہ یہاں موجود قدرتی خوبصورتی مہمانوں سمیت گھر کے مکینوں کو دلفریب ماحول فراہم کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔

اس کے علاوہ یہ لیونگ ایریا چھوٹے گھروں کے لیے بہترین انتخاب ہے۔ اگرآپ کے گھر میں بھی جگہ کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے تو گھر کے اندربنا ہوا لیونگ روم ایک اضافی بیڈ روم ،ڈریسنگ روم یا پھر کڈز روم کے لیے مختص کیجیے اور لیونگ روم کے لیے کچھ منفرد سوچیں۔ جیساکہ صحن میں لیونگ روم بنانا، اس ٹرینڈ پر عمل کرنے کے لیے آپ کو کن ہدایات پر عمل کرنا ہے اس کے لیے مندرجہ ذیل مشورے آپ کے کام آسکتے ہیں ۔

بیٹھنے کا انتظام

سٹنگ ارینجمنٹ کے لیے سب سے پہلے یہ دیکھیں کہ آپ کے پاس جگہ کتنی ہے اور زیادہ جگہ کے انتخاب کامطلب ہے تفریح کے زیادہ مواقع۔اگرآپ کے پاس صحن یا لان میں جگہ بڑی ہے تو ایک حصہ باغبانی اور دوسرا آؤٹ ڈور لیونگ کے لیے منتخب کیا جاسکتا ہے۔اگر آپ چاہیں تو آؤٹ ڈور لیونگ ایریا کے لیے لان کا مرکزی حصہ منتخب کریں اور اس کے چاروں اطراف پھول لگا کراسے ایک خوبصورت انداز دیں۔

سائبان

موسم گرمامیں دھوپ کی شدت اور سرد موسم میں ٹھنڈ سے محفوظ رہنے کے لیے سٹنگ ایریا ڈھکا ہوا ہونا چاہیے، جو آپ کے لیونگ روم کو خوبصورت انداز فراہم کرے گا ۔آؤٹ ڈور سٹنگ ارینجمنٹ کے لیے لکڑی کا سا ئبان بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ سائبان لکڑی کے ستونوں پر کھڑا ہوتا ہے اور باغ کے ایک کونے میں بنایا جاتا ہے، المونیم سے بنی پتلی راڈز بھی سائبان کو سہارا دیتی ہیں۔سائبان کے اوپری حصے میں شیشہ کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے، جو سرد موسم میں دھوپ داخل ہونے جبکہ چھوٹا سا گرین ہاؤس بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ لکڑی اور المونیم کے ذریعے بھی صحن میں بہترین سائبان کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ اس میں لکڑی کے ستونوں کے ساتھ اوپری حصے میں المونیم کی پلیٹیں لگا ئی جاتی ہیں، جنہیں گھما کر ضرورت کے مطابق سایہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ عام سائبان کی بہ نسبت یہ زیادہ فائدہ مند ہے کیونکہ اسا طرح آپ نہ صرف مکمل سایہ بھی حاصل کر سکتے ہیں بلکہ تھوڑی بہت دھوپ لینا چاہیں تو وہ بھی لے سکتے ہیں۔ المونیم کی پلیٹیں بند ہو کر بارش اور تیز ہوا سے بچا لیتی ہیں۔ انھیں خود سے یا ریموٹ کی مدد سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

گزر گاہ

اس حصے کو مزید متاثر کن بنانے کے لیے گزر گاہ فراہم کیجیے، جو حصہ باغ یا باہر کے راستے میں جاتا ہو اس کے لیےلکڑی کے تختوں کو صفائی سےگارڈن میں بچھا کر لکڑی کی سادہ سی شاندار گزر گاہ بنائی جاسکتی ہے، جوکم خرچ بالا نشیں ہونے کے ساتھ ساتھ بچوں کے پلے گراؤنڈ کے طور پر بہترین ہے۔

آگ جلانے کی جگہ

صحن میں لیونگ ایریا کے لیے فائر پلیس (آگ جلانے کی جگہ) کا انتخاب آپ کے گھر کو کسی خوابوں کے گھر کی شکل دے سکتا ہے۔ یہ انداز مغربی ممالک میں خاصا مقبول ہے، جس کے تحت سٹنگ ایریا سے تھوڑے سے فاصلے پر فائر پلیس بنوائے جاتے ہیں۔ اس کا حیران کن اور خوبصورت مواد اس جگہ کو خصوصی طور پر دلکشی عطا کرتا ہے۔ اگر آپ فائر پلیس میں دلچسپی نہیں رکھتے تو پانی کی خصوصیات بھی صحن کی دلکشی بڑھاسکتی ہیں ۔کہتے ہیں نا دریا بنتے ہیں پتھروں سے نکلے پانی سے مگر اب آپ ایک دیوار پر عام پائپوں کی مدد سے بھی پانی کے بہاؤ کا نظام اور ایک نیا فوارہ بنا سکتے ہیں، مگر اس بار یہ ایک پتھر کی دیوار ہو گی جو آپ کے گھر کو ایک شاہکار کی صورت دے گی۔

ایک دیوار ٹی وی کے لیے

لیونگ روم کی ایک اہم ضرورت ٹی وی وال ہے، تو کیوں نہ صحن کے لیے بھی ٹی وی کا انتظام کیا جائے۔ سائبان کے اندر ایک دیوار ٹی وی کے لیے تعمیر کروائیں اور پتھر سے اس دیوار کی آرائشی تعمیربہترین آئیڈیا ہے۔

وضع دار فرش

صحن میں لیونگ روم کے لیے فرش کا انتخاب بہترین ہونا چاہیے۔ مارکیٹ میں لکڑی، ٹائلز، پتھر حتیٰ کہ بجری کے ذرات جیسا مواد بھی دستیاب ہیں۔ آپ اس جگہ کے لیے ایسے فرش کا انتخاب کریں جو مختلف موسم کی شدت کا سامنا کرسکے۔ ٹائلز اور قدرتی پتھر آپ کے لیونگ ایریا کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوسکتے ہیں۔ پتھر، کنکریٹ اور سیرامک ​​ٹائلوں کا استعمال مثالی ہے۔ ان کی سخت سطحوں کو قالین یا رگس کے استعمال سے دبیز بنایا جا سکتا ہے۔اسی طرح قدرتی پتھر انتہائی مضبوط خام مال ہوتا ہے، اس کی مختلف اقسام ہیں، جن میں ماربل کے علاوہ سلیٹ بھی شامل ہے۔

تازہ ترین