• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کی طرف سے ہائی کورٹ میں جواب داخل

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر خالد حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ محمد اسرار احمدکی طرف سے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں جوابات داخل کرا دیئے گئے ہیں۔یہ جواب محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ڈاکٹروں ڈاکٹر تحسین،ڈاکٹر محمد جاوید،ڈاکٹر شہزاد،ڈاکٹر نصراللہ ،ڈاکٹر انصر اسحق،ڈاکٹر اسد الرحمان،ڈاکٹر رفاقت علی،ڈاکٹر طارق محمود اور ڈاکٹر سید وجاہت حسین کی طرف سے پنشن کنٹری بیوشن محکمہ لوکل گورنمنٹ کو جمع نہ کرانے کے خلاف دائر فوجدادری درخواست میں جمع کرایا گیا ہے۔جس میں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عبادالرحمن لودھی کی طرف سے لوکل گورنمنٹ پنجاب کے ڈاکٹرز کی پنشن کنٹری کا معاملہ حل کرکے رپورٹ دینے کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کے خلاف دائر فوجداری درخواست پر سیکرٹری خزانہ پنجاب یعقوب شیخ،ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر راولپنڈی فیض گوندل،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ راولپنڈی رانا وقاص انور،پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ سیکرٹری احمد حسیب میاں،ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ محمد اسرار احمداور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر خالد محمود کو مزید سات روز کی مہلت اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں تو ان کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم جاری کررکھا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے بھی اگست2001سے لیکرنومبر2016ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں سے کی جانے والی پنشن کٹوتی کی رقم کی ذمہ داری سے خود کو بچاتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے قیام کے بعدسے دسمبر2017سے لے کر جون2018تک کے پنشن کنٹری بیوشن کی رقم ہیلتھ اتھارٹی نے بذریعہ چیک نمبر 0806899839محکمہ لوکل گورنمنٹ کو جمع کرائے ہوئے ہیں۔جوابات میں تسلیم کیا گیا ہے کہ ڈسڑکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے قیام سے قبل پنشن کنٹری بیوشن کی کٹوتی ضلعی حکومت کی ذمہ داری تھی۔جو محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب بورڈ کو جمع کرائی جانی تھی۔جوابات میں استدعا کی گئی ہے کہ رٹ پٹیشنز کا ان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔اسے خارج کیا جائے۔ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے جوابات کے بعد ڈسٹرکٹ گورنمنٹ راولپنڈی کے بعض سابق افسران بالخصوص طلعت محمود گوندل،رائو عاطف اور شیخ طارق کیلئے پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے بھی ڈاکٹروں کی رٹ منگوائی ہے۔ذرائع کے مطابق پنشن کنٹری بیوشن کی رقم تین کروڑ روپےسے زیادہ ہے۔متاثرین میں میں ضلع کونسل کے آٹھ اور میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے سات ڈاکٹرز شامل ہیں۔
تازہ ترین