• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو روز قبل رحلت کر جانے والے بھارتی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی زندگی بھر کنوارے رہے اور انہوں نےشادی سے بچنے کے لئے کئی جتن بھی کئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے ایک دوست گورے لال کے بیٹے وجے پرکاش کا کہنا ہے کہ 1940 میںجب واجپائی عالم شباب پر تھے تو ان کے والدین ان کے لئے دلہن ڈھونڈنے لگے ، اس بات کی خبر جب انہیں ہوئی تو وہ کانپور میں میرے والد گورے لال کےگھر بھاگ کر آگئے اور ایک کمرے میں خود کو تین دن کے لئے بند کر لیا تھا۔

وجے پرکاش نے بتایا کہ میرے والد بتایا کرتے تھے کہ دوستوں نے جب واجپائی سے دریافت کیا کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں اور شادی کیوں کرنا نہیں چاہتے تو انہوں نے کہا کہ میں قوم کے لئے اپنی پوری زندگی وقف کرنا چاہتا ہوں جس کے لئے شادی رکاوٹ بنے گی۔

انہوں نے بتایا کہ واجپائی مسلسل تین دن کمرے میں بند رہے اور جب بھوک لگتی تو اندر سے دروازہ کھٹکھٹا لیا کرتے ۔وجے نے کہا کہ میرے مرحوم والد نے کئی بار اس قصے کو دہرایا تھا۔

اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ گورے لال کا کافی گہرا دوستانہ تھا یہاں تک کہ جب وہ سیاسی رہنما کے طور پر ابھر کر سامنے آئے۔وجے نے کہا کہ 1989 میں میں اٹل جی سے ملا اور ان سے اپنے روزگار کی تلاش میں مدد کرنے کو کہا تو انہوں نے مجھ سے کوئی وعدہ نہیں کیا مگر جلد مجھے ایک میگزین میں نوکری دلادی۔

وجے نے کہا کہ واجپائی ہمیشہ کانپور کے لوگوں سے محبت سے ملتے تھے اور وہاں اپنے پرانے اورقریبی دوستوں کی محفلوں میں لازمی جایا کرتے تھے۔

تازہ ترین