وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک سے جرائم ختم کرنا چاہتا ہوں۔
شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ ملک سے جرائم کا خاتمہ چاہتے ہیں۔انہیں ریلوے کی وزارت دے دی گئی، اب ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع کی پٹری پر لائیں گے۔
انہوں نے کہا میری بد نصیبی ہے کہ نیب کے آدھے کیسز ریلوے پر ہیں مگر ریلوے کا خسارہ کم کر کے دکھاؤں گا، نفع بھی دوں گا اور روزگار بھی دوں گا۔
شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو زندگی کی سب سے بہتریں تقریر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے عوام کے اصل مسئلوں کی بات کی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے 32 ریلوے اسٹیشنز اپ گریڈ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم خدمت کریں گے، 18 گھنٹے کام کریں گے کیونکہ ہمیں ملک کا نقشہ بدلنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے 15 فیصد بھی ڈیلیور کر لیا تو لوگ سمجھیں گے کہ ہم نے اپنا کام کر دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ 25 نئے کمیشن بنیں تب ملک سےکرپشن کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے دو روز قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے 32 ریلوے اسٹیشنز اپ گریڈ کرنے اور 20 افراد کو نوکریاں دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔