• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

شجرِ سایہ دار، ابوجی نے ہمیشہ رزقِ حلال ہی کو اہمیت دی

ہمارے ابّو خود تو دو کلاسیں ہی پڑھ پائے تھے کہ دادا کے انتقال کے سبب کم عُمری ہی میں محنت مزدوری شروع کر دی تھی، مگر گھر میں سب سے بڑے ہونے کا حق یوں ادا کیا کہ چھوٹے بھائیوں اور بہنوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کردیا۔ پھر یہ کہ اُنھوں نے اپنے بچّوں کی تعلیم و تربیت پر بھی اس قدر دھیان دیا کہ آج ہم تینوں بھائی پڑھ لکھ کر اچھی ملازمتوں پر فائز ہیں، جب کہ ہماری دونوں بہنوں نے بھی گریجویشن کیا، حالاں کہ گاؤں کے مخصوص ماحول میں اتنی تعلیم حاصل کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا، مگر ہمارے والد صاحب نے بچّوں کی تعلیم پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا۔ نیز، اُنھوں نے ہمیں پُر آسائش زندگی کی فراہمی کے لیے اَن تھک محنت کی اور اللہ نے اُن کی محنت کا صلہ کچھ ایسا دیا کہ آج اُس کے فضل سے ہم خوش حال زندگی گزار رہے ہیں۔ ہمارا گھرانہ کئی برس قبل اندورنِ سندھ سے کراچی منتقل ہو گیا تھا، جس کا سبب ہم دو بھائی تھے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہمیں کراچی میں ملازمتیں ملیں اور پھر شادیاں بھی یہیں ہوئیں، جس کی وجہ سے ہم والدین کو بھی یہاں لے آئے، چھوٹا بھائی گاؤں میں خاندانی کاروبار سنبھالتا ہے۔ 

والد صاحب کی پوری زندگی گاؤں میں گزری، جو کراچی جیسے انسانوں کے سمندر سے خاصی مختلف ہوتی ہے، جس کے سبب کبھی کبھی وہ بے زار سے ہوجاتے ہیں۔ اس کا حل ہم نے یہ نکالا ہے کہ والد کو سال میں چند ہفتوں کے لیے گاؤں لے جاتے ہیں تاکہ وہ خوش رہیں۔ ہم نے رواں برس جنوری میں والد صاحب کی ستّرویں سال گرہ منائی، جس میں بیٹوں، بیٹیوں اور اُن کے بچّوں نے شرکت کرکے اپنے اس عظیم محسن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ابّو جی نے ہمیشہ رزقِ حلال ہی کو ترجیح دی اور ہر طرح کی دو نمبری سے خود کو دور رکھا، شاید یہی وجہ ہے کہ سال گرہ کی تقریب میں بھی ہمیں ہیر پھیر سے دور رہنے کی نصیحت کرتے رہے۔ اللہ کرے اُن کا سایہ تا دیر ہم پر سلامت رہے کہ انہی کے دَم سے سارا خاندان باہم جُڑا ہوا ہے۔

( پرنس احسان، اورنگی ٹاؤن، کراچی)

تازہ ترین
تازہ ترین