• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک رات باقی ہے مسئلے کا حل نکالیں گے،فضل الرحمٰن، پی پی

متحدہ اپوزیشن صدرپاکستان کے عہدے کے لیے متفقہ امیدوار لانے میں تاحال ناکام ہے،اس سلسلے میں پی پی وفدنے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے آج ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے بعد پی پی رہنماراجہ پرویز اشرف اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سےمشترکہ گفتگو کی ، فضل الرحمان نے کہا کہ زرداری سے عزت و احترام کا رشتہ ہے، یہ ایک مرحلہ ہے جسے پوری قوم اور سیاست دانوں نے عبور کرنا ہے، ایک نقطہ ہے کہ امیدوار ایک کیسے ہو اسے طے کرنا ہے، ایک رات باقی ہے مسئلہ کا حل نکال لیں گے۔

اس موقع پرراجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ دونوں اطراف سے مثبت حل کی کوشش جاری ہے، امید ہے دو راتوں میں کوئی حل نکل آئے گا۔

قبل ازیں گزشتہ روز جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں انہوں نے صدارتی الیکشن کے لیے اعتزاز احسن کو دستبردار کرنے اوراپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے کی درخواست کی تھی جس پر سابق صدر نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا تھا۔

جے یو آئی سربراہ سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میںزرداری کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں صدارتی امیدوار کے لیے مولانا فضل الرحمان کی حمایت کے مضمرات اور سیاسی فوائد کا تقابلی جائزہ لیا گیا اور انتخاب کے بعد اپوزیشن اتحاد کے مستقبل پر بھی غور کیا گیا۔

تازہ ترین