وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے نمائندے ہماری پر خلوص دعوت پر پاکستان تشریف لا چکے، دونوں ملکوں کی قیادت آج اسلام آباد میں مذاکرات کرے گی، خطے میں اب جنگ کی نہیں امن کی باتیں ہو رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نازک صورت حال میں پاکستانی قیادت نے بڑے اعتماد سے دونوں فریقوں کو عارضی جنگ بندی پر راضی کیا، دونوں فریق جو جنگ میں آمنے سامنے تھے، اب بات چیت کے ذریعے معاملات طے کرنے پر راضی ہو چکے، عارضی جنگ بندی کا اعلان ہو چکا، اب اس سے بھی کٹھن مرحلہ دیرپا جنگ بندی کا ہے، یہ مرحلہ میک اور بریک کے مترادف ہے۔
شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا خاص طور پر ذکر کیا اور فریقین کو مذاکرات کے لیے راضی کرنے پر ان کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ کے شعلے بجھانے اور فریقین کو مذاکرات پر راضی کرنے کے لیے کلیدی اور تاریخ ساز کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کامیاب ہوئے تو ان گنت معصوم زندگیاں بچ جائیں گی، پاکستان ان مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے حتی المقدور کوشش کرے گا۔