• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر کی اہم شاہراہیں، سست روی سے جاری ترقیاتی کاموں سے عوام کو شدید مشکلات

سکھر (بیورو رپورٹ) شہر کی اہم شاہراہوں پر سست روی کا شکار ترقیاتی کاموں کے باعث اڑنے والے دھول و مٹی کے طوفان نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے، دن بھر گرد و غبار اڑنے سے شہریوں میں مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سست روی کا شکار ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ شہر کی اہم ترین شاہراہ ملٹری روڈ پر 2سال قبل شروع ہونیوالا ترقیاتی کام تاحال مکمل نہیں کیا جاسکا ہے جبکہ شہر کی دوسری اہم شاہراہ شکارپور روڈ پر بھی زیر زمین پائپ لائن بچھانے کے لئے کھدائی کردی گئی ہے، مذکورہ شاہراہیں شہر میں داخل ہونیوالی اہم شاہراہ ہیں مگر ان شاہراہوں پر ترقیاتی کام جاری رہنے، جگہ جگہ تعمیراتی مٹیریل کی موجودگی کے سبب دن بھر دھول و مٹی اڑتی رہتی ہے اور ادھورے ترقیاتی کام کی وجہ سے علاقے کو گرد و غبار نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جبکہ بندر روڈ، ریس کورس روڈ، حسینی روڈ، ایوب گیٹ، مینارہ روڈ، شالیمار روڈ، جیل موڑ روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر بھی دھول و مٹی اڑنا روز کا معمول بنا ہوا ہے، مذکورہ شاہراہوں کے اطراف میں موجود مٹی ایک طویل عرصے سے صاف نہیں کی گئی ہے، انتظامیہ کی جانب سے اگر کبھی صفائی کی بھی جاتی ہے تو بھی مذکورہ شاہراہوں کو درمیان سے صاف کیا جاتا ہے اور اطراف میں موجود مٹی نہیں اٹھائی جاتی، شہر بھر میں دن بھر دھول و مٹی اڑنے کی وجہ سے کام کاج پر جانیوالے اور مسافر گاڑیوں میں سوار مرد و خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، دھول و مٹی اڑنے کی وجہ سے لوگوں میں جلدی سمیت دیگر امراض بھی پھیل رہے ہیں اور ڈاکٹرز کی جانب سے الرجی سمیت دیگر امراض سے بچنے کے لئے شہریوں کو دھول و مٹی سے بچنے کے مشورہ دیے جارہے ہیں مگر شہر میں دن بھر اڑنے والی دھول و مٹی سے بچنا شہریوں کے لئے مشکل ہے۔ پریشان حال شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب ادھورے ترقیاتی کام شہریوں کے لئے درد سر بن گئے ہیں، شہر کی اہم شاہراہوں پر سارا دن دھول و مٹی کا طوفان اڑتا ہے مگر انتظامیہ اس حوالے سے کوئی بھی اقدامات نہیں کررہی ہے، جب وی آئی پی موومنٹ کی آمد ہوتی ہے تو پھر انتظامیہ اس بات کا سختی سے نوٹس لیتی ہے اور مذکورہ شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جاتا ہے، مگر وی آئی پی موومنٹ کے دورے کے بعد صورتحال دوبارہ سے پہلے جیسی ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن ودیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرایا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جاسکے۔

تازہ ترین