• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی ڈائری:پی پی کی کوشش ہےاپوزیشن کو متحد نہ ہونے دے

اسلام آباد(محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار)ملک کے سابق صدر اور سندھ کے متمول ترین افراد میں شمار ہونے والے آصف علی زرداری کا یہ بیان رواں صدی کا سب سے بڑا انکشاف ہے کہ بیرون ملک کسی بنک میں ان کا نہ تو کوئی کھاتہ ہے اور نہ ہی کوئی منقولہ یا غیرمنقولہ جائیداد ہے ۔وہ شخص جس نے ایوان صدر میں بیٹھ کر سوئٹزر لینڈ کی حکومت اور بنکوں کو اپنے کھاتوں کے بارے میں استفہامیہ خط لکھنے سے اپنے وزیراعظم کوروک دیا تھا اور جس کی پاداش میں اس کی وزارت عظمیٰ چھن گئی اور وہ پانچ سال کے لئے سیاست میں حصہ لینے کےلئے نااہل قرار پایا۔ آج وہ سینہ تان کر بیان دے کہ اس کا بیرون ملک کسی بنک میں کوئی اکائونٹ ہی نہیں نہایت حیرت انگیز ہے ۔ اس میں مزید توجہ طلب نکتہ یہ ہے کہ آصف زرداری نے بیان حلفیہ طورپر دیا ہے۔آصف زرداری کا بیان اس میں سب سے اعلیٰ درجے کا شاہکار ہے اس بارے میں شروع ہونے والا بحث مباحثہ ایسی ایسی کہانیوں کو جنم دے گا۔ملک کے نئے صدر کے انتخاب میں ایک ہفتے سے بھی کم دن باقی رہ گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی کوشش تھی کہ وہ حزب اختلاف کو اپنی مٹھی میں لے لے اس میں کامیابی نہ ملے تو حزب اختلاف کو ایک مٹھی نہ بننے دے اس پارٹی کے زعما نے قدم قدم پرجوکردار ادا کیا ہے اس نے تحریک انصاف کی ہر مرحلے پر ہر مشکل کو آسان بنا دیا وہ یقیناً چار ستمبر گزر جانے کے بعد پارٹی اوراس کے سربراہ کو طویل دورانیے کی راحت فراہم کریں گے اگر وہ اپنا کردار دیانتداری کے ساتھ ادا نہ کرتے تو ان کی اپنی آزادی معرض خطر میں چلی جاتی صوبائی حکومت جو ان کے لئے سونےکی کان کا درجہ رکھتی ہے آن واحد میں اچک لی جاتی پھروہ یوسف بے کارواں بنے پھرتے رہتے۔ سینٹ میں جہاں اپنی زبان دانی کےلئے شہرت رکھنے والے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک مرتبہ پھر اپنی دھاک بٹھا دی ہے سابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے اپنی سامراج شکنی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امریکی حکومت کو للکارا ہے کہ وہ پاکستان کےوزیراعظم سے ڈومور کا تقاضا نہ کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ وزیراعظم سے اختلاف رکھتے ہیں لیکن امریکہ کو ناجائز رویہ روا رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے منسوب ٹیلی فون گفتگو کےحوالے سے جرات مندانہ لہجے میں انہیں انتباہ جاری کیا ہے ۔میاں رضا ربانی نے امریکی وزیر خارجہ کی اسلام آباد میں آمد سے ڈیڑھ ہفتے پہلے بیان دیکر واضح کردیا ہے کہ پاکستان کو آسان نہ لیا جائے۔

تازہ ترین