• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدارتی امیدوار، اپوزیشن تقسیم مگر پُرامید، پیپلز پارٹی کےوفد کی فضل الرحمٰن سے ملاقات،اعتزاز کے حق میں دستبردار ہونے کی درخواست،دو دن میں فیصلہ ہوسکتا ہے

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں ) صدارتی امیدوار کے معاملے پر اپوزیشن تقسیم لیکن پر امیدہے، پیپلز پارٹی کے وفد نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور اعتزاز کے حق میں دستبردار ہونے کی درخواست کی ، بہرحال پی پی وفد اور فضل الرحمن کے درمیان گفتگو کے بعد امکان ہےکہ 2دن میں فیصلہ ہوسکتا ہے،متفقہ صدارتی امیدوار لانے کیلئے پیپلز پارٹی اور فضل الرحمن کا بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا ہے، پی پی رہنما پرویز اشرف کا کہناہےکہ 2راتیں باقی ہیں امید ہے کوئی بہتر حل نکل آئے گا، ادھر بلاول نے پارٹی قیادت کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہےکہ صدارتی امیدوار کیلئے 3نام ہیں، اعتزاز، اعتزاز اور اعتزاز،دوسری جانب زرداری کا کہنا ہےکہ فضل الرحمن قابل احترام مگر ہم نے ’سیاسی فیصلہ‘ کرنا ہے۔ تفصیلات کےمطابق صدارتی انتخاب کے لیے متفقہ امیدوار لانے پر پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمن کا بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہو گیا ، مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ انشاء اﷲ مشترکہ امیدوار کا مسئلہ طے کر لیں گے، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانافضل الرحمن نے کہا کہ ایک رات باقی ہے ہم اس مسئلے کے حل پر قادر ہو جائیں گے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گفت و شنید جاری ہے، ابھی مذا کرا ت چل رہے ہیں ،مولانا فضل الرحمن نے بڑی اچھی بات کی ہے جس مسئلے کے درمیان ایک رات ہو وہ مسئلہ نہیں ہوتا ،اس مسئلے کے درمیان تو دو راتیں ہیں مجھے امید ہے کہ کوئی بہتر حل نکل آئے گا ۔ قبل ازیں پیپلز پارٹی کے اجلاس میں رہنمائوں کی اکثریت نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے کی مخالفت کر دی تھی جبکہ سابق صدر آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمن کو ہری جھنڈی دکھا تے ہوئےکہا تھا کہ مولانا قابل احترام ہیںمگر ہمیں سیاسی فیصلہ کرنا ہے، پیپلز پارٹی اپنی اصولی سیاست پر سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔ذرائع کے مطابق پی پی کے اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کا مستقبل بھی زیر غور آیا تاہم پیپلز پارٹی نے آئندہ ایشو ٹو ایشو ساتھ ملنے کے اشارے دے دیے ۔اس سے پہلے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہہ دیا تھا کہ ہمار ے امیدوار صرف اعتزاز احسن ہوں گے۔میڈیا رپور ٹس کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے بلاول بھٹو سے رابطہ کیا تھا جس پر انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں تین نام ہیں جن میں پہلا نام اعتزاز احسن کا ،دوسرا نام اعتزاز احسن اور تیسرا نام بھی اعتزاز احسن کا ہے۔

تازہ ترین