• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکورٹی رسک، ہیلی کاپٹر کا استعمال کم خرچ اور بہتر ہے، پی ٹی آئی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ماضی میں وزیراعظم کے سیکورٹی روٹ کے باعث عوام کو مشکلات ہوتی تھیں، ٹریفک کا نظام متاثر ہوتا تھا اسی لیئے اگر وزیراعظم ایک ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر 3سے 4منٹ میں ایک جگہ پر پہنچ جاتے ہیں تو وہ کم خرچ اور عوام کے لیے سہولت بھی ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں روزانہ کی بنیاد پر وزارت داخلہ اور حساس اداروں کی طرف سے سیکورٹی ہدایات آتی ہیں چونکہ ہم دہشتگردی کیخلاف جنگ سے بھی گزر رہے ہیں تو ان سب چیزوں سے بچنے کیلئے ہیلی کاپٹر کا استعمال بہتر اور کم خرچ بھی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “کے میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے ۔ پروگرام میں پی پی کی نفیسہ شاہ، ن لیگ کے مصدق ملک اور نمائندہ جیونیوز قمر زمان نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔ میاں چنوں کے نمائندہ جیو نیوز قمر زمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جب میاں چنوں تشریف لائے تو ان کے لیئے ہیلی کاپٹر کا انتظام تھا، ان کی فیملی عثمان بزدار کے جانے کے بعد ہیلی کاپٹر سے باہر آئی اور فاتحہ خوانی کے لیے بابا فرید کے مزار گئی، وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ 16گاڑیاں پروٹوکول کی تھیں وہ جب اسپتال پہنچے تو انہوں نے وہاں کا معائنہ کیا ،پروٹوکول کے باعث جاں بحق ہونے والی بچی کے حوالے سے قمر زمان کا کہنا تھا کہ صرف اسپتال انتظامیہ بچی کے والدین کے پاس گئی اور ان کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر دستخط کروائے اور والدین کو کہا کہ آپ یہ بیان دے دیں کہ بچی کا صحیح معائنہ کیا جارہا تھا اتفاق سے ان کا انتقال ہوگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میان چنوں کے گاؤں اپنے سسرال بھی تشریف لے گئے تھے۔ مصدق ملک نے کہا کہ 55روپے کا ریٹ تو چنگ چی کا ہی ریٹ ہے، ہم تو سوچ رہے ہیں کہ ہیلی کاپٹر کو آن لائن ٹیکسی سروس کی طرح استعمال کرنا شروع کردیں، اگر کسی وزیراعظم کو سیکورٹی کے حوالے سے ہیلی کاپٹر کا استعمال کرنا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں لیکن پی ٹی آئی کے بیانات میں قول و فعل کا تضاد ہے اگر نوازشریف ہیلی کا پٹر کا استعمال کریں تو چنگ چی کہا جاتا ہے اور اگر عمران خان کریں تو تبدیلی کہتے ہیں۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزیراعظم اس وقت چار دفاتر میں پھیلے ہوئے ہیں، پچھلے دور حکومت میں عمران خان کے پی کے وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں گھوما کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا حکومت کو نا بجلی کے مسائل نظر آرہے ہیں اور نا ہی معیشت کے۔ حماد اظہر نے کہا کہ ہم نے ایک نیک نیتی سے اس ملک سے وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ ن لیگ کا خاص طور پر یہ ایجنڈا ہے کہ ’میں نا مانوں ‘ ہم کوئی مثبت قدم بھی اٹھاتے ہیں تو یہ تنقید کرتے ہیں۔ خاور مانیکا کو روکنے والے ڈی پی او کا تبادلہ، تحریک انصاف کا دفاع کمزور اس پر مصدق ملک نے کہا کہ ہمارے دور میں اگر ایسا واقعہ ہوتا تو ایک ادھم مچا ہوتا ، اگر آج یہ کہیں خاور مانیکا کا عمران خان سے کوئی تعلق نہیں ہے تو پھر یہ کیا ہورہاہے ۔ حماد اظہر نے کہا کہ اگر خاور مانیکا یا ان کے عوض کسی شخصیت نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے تو اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے اور عمران خان نے اس واقعہ کا نوٹس بھی لے لیا ہے ، اگر وہ پولیس آفیسر بے قصور نکلے تو دوبارہ تعینات ہوجائیں گے۔

تازہ ترین