• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن منتشر رہی تو عارف علوی کی جیت یقینی ہے، عثمان ڈار

کراچی(جنگ نیوز)تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈارنے کہا ہے کہ اپوزیشن منتشر رہی تو عارف علوی کی جیت یقینی ہے، عمران خان ہفتے میں صرف ایک دفعہ بنی گالہ آنے کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال کررہے ہیں، سیکیورٹی خطرات نہ ہوں تو وزیراعظم سڑک کے ذریعہ سفر کریں۔وہ جیو نیوزکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان محمدجنید سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر خان،جے یوا ٓئی ف کے رہنما حافظ حسین احمد اور ماہر ایو ی ایشن میجر ریٹائرڈ محمد ظہیر بھی شریک تھے جبکہ بیوروچیف جیو نیوز لاہور رئیس انصاری سے بھی گفتگو کی گئی۔ میجر ریٹائرڈ محمد ظہیر نے کہا کہ ہیلی کاپٹر اتنا سستا نہیں ہوسکتا کہ فی کلومیٹر پچاس پچپن روپے خرچ آئے،خرم دستگیر خان نے کہا کہ آصف زرداری اس وقت عمران خان کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کا لبادہ اوڑھ لیا مگر پاؤں میں سندھ حکومت اور ایف آئی اے کیسوں کی بیڑیاں ہیں، پیپلز پارٹی کو اپوزیشن اتحاد کے امیدوار مولانا فضل الرحمن کی حمایت کرنی چاہئے۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن خود صدر کیلئے امیدوار نہیں بنے، آصف زرداری کا اس وقت کا کردار پی ٹی آئی کیلئے زیادہ موثر ہے،اپوزیشن اتحاد کا مستقبل پیپلزپارٹی کے ہاتھ میں ہے۔میجرریٹائرڈ محمد ظہیر نے کہا کہ ہیلی کاپٹر اتنا سستا نہیں ہوتا کہ فی کلومیٹر پچاس پچپن روپے خرچ آئے، وفاقی وزیراطلاعات نے پاکستانی قوم کو جاہل سمجھتے ہوئے ایسی معلومات دیں۔بیوروچیف جیو نیوز رئیس انصاری نے بتایا کہ خاور مانیکا اور ڈی پی او پاک پتن کا مسئلہ 5اگست سے شروع ہوا، وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او شارق اور ڈی پی او رضوان کو براہ راست سیکرٹریٹ میں طلب کیا، وہاں موجود شخص حسن جمیل گجر نے آر پی او اور ڈی پی او سے بدتمیزی کی،حسن جمیل گجر بشریٰ بی بی کی گہری سہیلی فرح کے شوہر ہیں۔عثمان ڈار نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ہیلی کاپٹر پر سفر سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جائی جارہی ہے، بطور وزیراعظم عمران خان چار ہیلی کاپٹر رکھ سکتے ہیں،عمران خان ہفتے میں صرف ایک دفعہ بنی گالہ آنے کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال کررہے ہیں، نیکٹا کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کو چھٹی مرتبہ سیکیورٹی الرٹ جاری کیاگیا ہے، سیکیورٹی ایجنسیوں نے وزیراعظم کو سیکیورٹی معاملات میں بہت احتیاط برتنے کیلئے کہا ہے، وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بنی گالہ جاتے ہیں تواس میں سیکیورٹی ایجنسیوں کا مشورہ بھی ہے، عمران خان بنی گالہ میں ہی رہنا چاہتے تھے لیکن سیکیورٹی ایجنسیوں نے کلیئرنس نہیں دی، وزیراعظم بذریعہ سڑک بنی گالہ جائیں گے تو روٹ لگنے کی وجہ سے عوام اذیت کا شکار ہوگی، عمران خان کا ہفتے میں ایک دفعہ ہیلی کاپٹراستعمال کرنا خزانے پر بوجھ نہیں ہے،وزیراعظم کو سیکیورٹی خطرات نہ ہو تو وہ سڑک کے ذریعہ سفر کرنے پر ضدکریں گے، عمران خان کے بس میں ہو تو وہ ایک گاڑی بھی ساتھ نہ لے کر جائیں، پی ٹی آئی حکومت سو دن پلان مکمل کرنے کے بعد تمام اعداد و شمار قوم کے سامنے رکھے گی۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اسی طرح منتشر رہی تو عارف علوی کی جیت یقینی ہے، پی ٹی آئی صدارتی انتخاب سنجیدگی سے لڑ رہی ہے اس کیلئے جہانگیر ترین اپنا کردار ادا کریں گے، مولانا فضل الرحمن ملک کی صدارت کیلئے کمزور امیدوار ہیں ان کے مقابلہ میں اعتزاز احسن کا نام بہتر ہے، مولانا فضل الرحمن قوم کو جشن آزادی نہ منانے اور پارلیمان کو حلف نہ اٹھانے کیلئے کہہ رہے تھے، ہم نے ملک کا پیسہ لوٹنے والے پارلیمنٹرینز پر لعنت بھیجی تھی، شہباز شریف پنجاب میں آزاد ارکان کی طرف نہیں گئے کیا وہ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت بنانے میں سہولت کار تھے، لو گ عمران خان کے ویژن پر تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں،جہانگیر ترین اپنا ذاتی جہاز پارٹی کیلئے استعمال کررہے ہیں بطور کارکن ان کا شکر گزار ہوں۔

تازہ ترین