راولپنڈی (اے پی پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ اس سال ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ کے نام سے یومِ دفاع و شہداءمنفرد انداز سے منایا جائے گا ،عوامی نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے،کوئی شہادت بھولی نہیں جائیگی،ہر شہید کی تصویر پر شہادت کی تفصیل اور جائے شہادت لکھا جائیگا اور شہید و ں کے لواحقین کا شکریہ ادا کیا جائیگا۔ وہ منگل کو آئی ایس پی آر میں یوم دفاع کی تیاریوں کے سلسلے میں پلاننگ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ کانفرنس کے شرکاءکو شہیدوں کی فہرست اور پتہ مہیاءکئے گئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر ملک گیر مہم کا فوکل پوائنٹ ہونگے، یوم شہداءکے حوالے سے مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہو گی جو کہ براہِ راست نشر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یوم دفاع اور یوم شہداءکے موقع پر وطن کی حفاظت اور بقاء کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام کیا جائیگا، شہیدوں کے لواحقین کو سلام پیش کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ شاپنگ مال شہیدوں کی تصاویر سے سجائے جائیں گے۔بسوں، ویگن، ٹرکوں اور پرائیویٹ گاڑیوں پرشہداءکی تصاویر لگائی جائیں گی۔