• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بقر عید اور باربی کیو پارٹی دونوں لازم وملزوم سمجھے جانے لگے ہیں۔ عید پر یا اس کے بعد کوئلوںپر سینکے گئے باربی کیو کھانے اور کڑاہی کی خوشبو، گھر کی بالکنی ،چھت یا پھر صحن میں ہنستے مسکراتے بچوں اور بڑوں کی گیدرنگ کے ساتھ مزہ دوبالا کردیتی ہے۔ مگر ایسے میں خواتین کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔باربی کیو گرل کی صفائی ہو،تھیم کا انتخاب ہو،کھانے کا اہتمام ہو یا پھرمیک اَپ سے لے کر فیشن تک تمام جزئیات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوخواتین سب مرحلوں میں آگے آگے ہوتی ہیں ۔ 

لیکن گھر میں چاہے کوئی بھی تقریب ہو یا عید کے تہوار پر دعوت کا اہتمام، ان سب کے لیے منصوبہ بندی بے حد ضروری ہے۔ دعوت کا اہتمام اگر منظم طریقے سے کیا جائے تو یہ ہر ایک کے لطف اندوز ہونے کاباعث بنتا ہے۔ اس منصوبہ بندی کے دوران کن باتوں پر عمل کرنا چاہیے، یہ جاننا آپ کے لیے ضروری ہے۔

جگہ اور وقت کا انتخاب

باربی کیو پارٹی کے لیے سب سے پہلا مرحلہ جگہ اور وقت کا تعین کرنا ہے۔ پارٹی کے لیے جگہ کا انتخاب مہمانوں کی تعداد اور ہواکے پیش نظر کریں، مقصد یہ کہ جگہ ایسی ہو جو کھلی اور ہوادار ہو، تاکہ آپ اور آپ کے مہمان دھوئیں سے پریشان نہ ہوں ۔اس کے علاوہ وقت کا تعین بھی اہم مرحلہ ہے کیونکہ باربی کیو پارٹی کے لیے رات کا انتخاب زیادہ مناسب ہے۔

باربی کیو گِرل کا استعمال

باربی کیو گرل استعمال کرنے سے پہلے اسے اچھی طرح صاف کر لیں، کیونکہ گرل اگر گندی ہوتی ہے تو باربی کیو میں اس کے جلنے کا ذائقہ شامل ہو جاتا ہے۔ اس لیے باربی کیو بنانے سے پہلے گرل کو صاف کریں اور پھر اسے تھوڑا سا جلالیں کیونکہ اس طرح اس پر لگے گوشت اور چربی کے ٹکڑے جل کر اُتر جاتے ہیں اور گرل کو صاف کرنا مزید آسان ہو جاتا ہے۔

تھیم کا انتخاب

دعوت ہویا شادی بیاہ کی تقریبات، پاکستان سمیت دنیا بھر میں تھیم کا انتخاب کافی معنی رکھتا ہے، تو کیوں نہ باربی کیو پارٹی کے لیے بھی تھیم کا انتخاب کرلیا جائے ۔باربی کیو پارٹی سے مزید لطف اندوز ہونے کے لیےاہل خانہ کی مشاورت سے کسی تھیم کا انتخاب کریں۔تھیم کے انتخاب کے ذریعےکپڑوں، کھانے کے مینو اور ڈیکوریشن کے انتخاب میں آسانی پیدا کی جاسکتی ہے۔

مہمانوں کی فہرست تیار کریں

جن مہمانوں کو آپ نے باربی کیو پارٹی میںآنے کی دعوت دینی ہے ان کی فہرست تیار کریں، تاکہ باربی کیو آئٹم کا اہتمام مہمانوں کی تعداد سے زیادہ یا کم نہ ہو ۔اگر آپ اسٹینڈرڈ باربی کیو پارٹی کا انعقاد چاہتی ہیں تو باربی کیو انویٹیشن کارڈ (دعوت نامہ )تیار کریں، جس میں دن، وقت اور جگہ درج کریں، ساتھ ہی اس میں مہمانوں کے لیے تھیم اور ساتھ لانے والی چیزوں کی فہرست درج کی جاسکتی ہے ۔

سجاوٹ

جگہ کا انتخاب آپ کر ہی چکی ہیں اس مرحلہ میں آپ ڈیکوریشن سے متعلق آئیڈیاز پر کام کریں ۔باربی کیو کاؤنٹرکی تعمیر کا ذکر ہم اپنی تحریروں میں اس سے قبل کئی بار کرچکے ہیں ۔باربی کیو کاونٹر کےلیے ان آئیڈیاز پر کام کیا جاسکتا ہے اور ڈیکوریشن کے طور پر صحن، چھت یا بالکونی میں مہمانوں کی تعدادکے پیش نظر میز اور کرسیاں رکھیں، ان کی سجاوٹ ایک بہترین ماحول فراہم کرسکتی ہے۔ مثلاً ڈائننگ ٹیبل کے خوبصورت رنگین ٹیبل کور، پھولوں سے تیار گلدستہ اور لٹکنے والی لائٹس کا انتخاب کریں ۔اگر آپ باربی کیو پارٹی کچھ منفرد اندازسے کرنا چاہتی ہیں تو رسٹک اسٹائل کے برتنوں کا انتخاب کریں۔ دوسری صورت میں جدید طرز کے برتنوں کا استعمال بھی بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔چونکہ باربی کیو پارٹی کا انعقاد کھلی اور ہوادار جگہوں پر کیا جاتا ہے اس لیے مچھروں کا خدشہ زیادہ رہتا ہے، اس مصیبت سے بچنے کے لیے روشنی کے انتظام کے ساتھ ساتھ خوشبو دار موم بتیوں کااستعمال کیا جاسکتا ہے ۔

پرفیکٹ مینو کا انتخاب

باربی کیو پارٹی کا سب سے اہم جز باربی کیو مینو ہی ہوتا ہے ۔مہمانوں کی تعداد کے پیش نظر مینو کا انتخاب کریں، اگر باربی کیو پارٹی کم مہمانوں پر مشتمل ہے تو مینو میں زیادہ آئٹم بھی رکھے جاسکتے ہیں۔ اگرچہ باربی کیو پارٹی مینو کے لیےبیف یا مٹن پہلی ترجیح ہوتے ہیں لیکن جن افراد کو گوشت پسند نہ ہو یا انھیں کسی وجہ سے پرہیز کرنا ہو تو ایسے افرادکے لیے موسم گرما کے پھل یا پھر سبزیوں کی ایک سے دو ڈشز بھی شامل کی جاسکتی ہیں۔

اچھے سے اچھا مینو بھی اگر بے ڈھنگے انداز میں پیش کیا جائے تو سارا مزہ خراب ہوجاتا ہےلیکن اگر عام سا کھانابھی خوبصورت انداز میں پیش کیا جائے تو مہمان کھائے بغیر ہی کھانے کو ’’اوکے‘‘کا سگنل دے دیتے ہیں۔کھانے کو پیش کرنے کا انداز خاصا اہمیت رکھتا ہےاس لیے مینو کے ساتھ ساتھ کھانے کی سجاوٹ کا بھی خاص خیال رکھیں۔ ساتھ ہی خوبصورت ڈش ویئر کے استعمال سے کھانوں کومختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرکے اس کی سجاوٹ میں انفرادیت پیدا کریں، منفرد سجاوٹ نہ صرف نگاہوںکو بھلی محسوس ہوگی بلکہ آپ کا سلیقہ بھی بتائے گی۔

انٹرٹینمنٹ

ہلاّ گلاّاورگیمز کے بغیرباربی کیو کی تقریب مکمل نہیںہوتی۔بڑوں کے لیے ٹی وی،بچوں کے لیے ان کے فیورٹ گیمز اور نوعمر افراد کے لیے موسیقی اور مختلف کھیلوں کا اضافہ باربی کیو پارٹی کومزید خوبصورت بنادیتاہے۔

تازہ ترین