لاہور(نمائندہ جنگ) دربار حضرت داتا گنج بخش ؒ پر محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام "حضرت سیدنا عثمان غنی ؓ کانفرنس" انعقاد پذیر ہوئی ۔ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، ڈاکٹر ظفر اقبال نوری اورمفتی محمد رمضان سیالوی نے خلیفہ سوم حضرت عثمان غنی ؓکے یوم شہادت کے موقع پر آپ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عثمان غنی ؓ کی خدمات تاریخ اسلام کا ایک عظیم باب ہیں۔ ترویج دین اور اشاعت اسلا م کے حوالے سے آپ کے کارنامے اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کے حوالے سے آپ کی خدمات قیامت تک کے لیے مشعل راہ ہیں۔ آپ کے فضائل ومناقب ، سیرت وکردار سے روشنی کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے ۔مقررین نے مزید کہا کہ حضرت عثمان غنی ؓ صبر و رضا اور حلم و بردباری کے عظیم پیکر تھے۔ امت مسلمہ کو ایک مصحف پر اکٹھا کرنے اور اسی کی تلاوت کی ترویج کے حوالے سے ان کی خدمات اور مساعی اُمت کے لیے مینارۂ نور کی حیثیت رکھتی ہے۔آپؓ کا دور خلافت بے مثال اصلاحات اور رفاہی مہمات سے عبارت ہے۔، سادہ طرز زندگی ، اعلیٰ اخلاق، ظلم و جورکا خاتمہ ، آپ ؓ کے اعلیٰ کارناموں میں شامل ہے ۔