کراچی ( پ ر)ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ،ریجنل ڈویژن نارتھ سیالکوٹ نے 30اگست کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں ایک پری ڈپا رچر میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں ٹی ڈیپ ایس سی سی آئی جوائنٹ ٹریڈوفد کی جنوبی کوریا روانگی کے امور پر غور کیا گیا۔ اس سیشن میں ٹی ڈیپ کے افسران ، چیئرمین ایگزی بیشن اور ڈیلیگیشن کمیٹی ، ایس سی سی آئی اور مخصوص فرموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ ٹریڈ کا وفد سیالکوٹ چیمبرآف کامرس کی درخواست پر جا رہا ہے کیونکہ سیالکوٹ میں تیار کی جانے والی اشیاء کی جنوبی کوریا میں بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے اور جنوبی کوریا ان اشیا کی ایک بہترین مارکیٹ ثابت ہو سکتی ہے وفد اچھی شہرت کی حامل 9کمپنیوں پر مشتمل ہے جن میں سرجیکل اینڈ بیو ٹی انسٹرومنٹس، اسپورٹس پروڈکٹس اینڈ مارشل آرٹ وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علی تمکین بٹ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی ڈیپ نے شرکاء کو بتایا کہ جنوبی کوریا میں پاکستانی اسپورٹس اورسرجیکل گڈ ز کا شیئر بالترتیب 1.7 فیصد اور 0.2فیصد ہے جو کہ بہت کم ہے ۔ یہ پچھلے 7 سالوں میں پہلا وفد ہے جو کہ جنوبی کوریا کا دورہ کررہا ہے ۔ یہ دورہ 11ستمبر سے 15ستمبر تک جاری رہے گا۔