اسلام آباد( نامہ نگار) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک سال میں ریلوے کے خسارے کو ختم کریں گے، آئندہ ماہ سندھ میں دو نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی، گوادر کو ریلوے کا ڈویژن بنا دیا جس کا افتتاح جلد ہوگا۔ پاکستانی تارکین وطن عمران خان پر جان نچھاور کرتے ہیں، ان کی مدد سے ریلوے کو ٹریکنگ سسٹم پر لا رہے ہیں۔ وہ جمعہ کو یہاں وزیراعظم آفس میں راولپنڈی ایکسپریس اور میانوالی تک ٹرین سروس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم کے گرین پاکستان منصوبے کے تحت ہر ڈویژن میں چار نرسریاں بنائی ہیں، 28 میں سے 27 نرسریاں بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریلوے کا خسارہ 40 سے 42 ارب روپے ہے، ایک سال میں یہ خسارہ ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈیم فنڈ میں 10 کروڑ روپے سالانہ دینے کیلئے ریلوے کے اکانومی ٹکٹ پر ایک روپے جبکہ بزنس کلاس پر 10 روپے کرایہ بڑھایا تو لوگ اس پر سیخ پا ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں مال برداری کے لئے سات سے آٹھ ٹرینیں ملی ہیں تاہم 100 دنوں میں 12 سے 15 ٹرینیں مال برداری کے لئے فعال کریں گے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز وزیراعظم عمران خان پر جان چھڑکتے ہیں ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ہفتہ کو پینے کے صاف پانی کے سات فلٹریشن پلانٹس کی ریلوے بورڈ منظوری دے دے گا جس کا ٹینڈر کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ وہ کھاد اور تیل کی نقل و حرکت کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کریں کہ وہ ریلوے کو استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ 30 دنوں میں سات ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں وائی فائی کام کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ میانوالی کیلئے ٹرین صبح 7 بجے روانہ ہوگی اس کا کرایہ 360 روپے ہوگا جبکہ پہلے روز کرائے میں 50 فیصد رعایت دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ہم نے نابینا افراد کے لئے رعایت کو 25 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹرین کے افتتاح کیلئے وقت دیا۔