• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلوہ قدیم روایتی ڈش ہے۔ شادی بیاہ،عید ،دعوت چاہے کوئی بھی تہوار ہو حلوہ ہمیشہ سے ہی اولین ترجیح رہا ہے۔بلکہ صرف تہوار ہی کیوں عام طور پر بھی جب کبھی حلوہ کھانے کی چاہ ہوتو خواتین حلوہ بناتی ہیں۔یہ ڈش اپنے لذیذ ذائقے کی بنا پر دنیا بھر میں مقبول ہے۔مغربی ممالک میں بھی مختلف حلوے بنانا اور کھانا خاص پسندکیے جاتے ہیں۔ہمارے ہاں پاکستان میں اب طرح طرح کے حلوے بنائے جارہے ہیں ۔چند حلوہ جات کی تراکیب توجہ فرمائیں۔

اخروٹ کا حلوہ

اجزاء:

اخروٹ۔ 100گرام

دودھ۔2لیٹر

چینی۔ 400گرام

انگوری۔ 50گرام

گھی۔ 50گرام

بادام۔ 50 گرام

پستے۔ 50گرام

میدہ۔ 100گرام

ٹاٹری۔ 1چٹکی

گلوکوز۔ 100گرام

زردے کا رنگ۔ 1چائے کا چمچ

(الائچی ، جائفل، جاوتری)۔ 1/2 چائے کا چمچ

ترکیب:

1۔دودھ کو اُبال کر ٹاٹری شامل کرکے پھاڑلیں۔

2۔اب اسے ململ کے کپڑے میں چھان کر چیز بنائیں۔

3۔ایک پین میںگھی ڈال کر اس میں چیز ڈالیں اور پکائیں۔

4۔اسکے ساتھ چینی، انگوری، میدہ، گلوکوز، زردے کا رنگ، الائچی ، جائفل اور جاوتری شامل کرکے خوب بھونیں۔

5۔آخر میں اخروت ، بادام اور پستے ڈال کر پکائیں۔ اب اسے ٹھنڈا کرکے پیش کریں ۔

کھوپرے کا حلوہ

اجزاء:

دودھ۔ ایک کلو

سوجی۔ آدھا کپ

الائچی۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

چینی۔ ایک پاؤ

ہرا رنگ۔ ایک چٹکی

کھویا۔ آدھا کلو

کھوپرا ۔دو کپ (پسا ہوا)

ترکیب:

ایک پین میں سوجی ڈال کر بھون لیں۔

پھر اس میں دودھ، پسی الائچی اور چینی ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔

ایک پیالی میں پانی ڈال کر اس میں ہرا رنگ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور دودھ والے پین میں شامل کرلیں۔

اب اس میں کھویا ڈال کر اچھی طرح سےمکس کر لیں اور چمچ ہلاتے رہیں۔

پھر اس میں کھوپرا ڈال کر اچھی طرح سےمکس کریں اور چمچ مسلسل ہلاتے رہیں۔

اتنا پکائیں کہ آمیزہ گاڑھا ہو جائے۔

پھر اسے ایک سانچے میں نکال لیں۔

پسے ہوئے کھوپرے سے سجاوٹ کریں۔

کھوپرے کا حلوہ تیار ہے۔

پشاوری حلوہ

اجزاء:

سوجی۔ تین پیالی

پسا ہوا گڑ۔ دوپیالی

مکھن۔ ایک پیالی

پستا بادام ۔سجانے کیلئے

ترکیب:

1۔کڑاہی میں مکھن گرم کریں.

2۔اس میں سوجی کوسنہرا رنگ آنے تک بھونیں۔

3۔پھراس میں گڑ ڈالیں۔

4ْ۔تیزی سے چمچ ہلاتے ہوئے حلوے کو کناروں سے علیحدہ ہونے تک پکائیں۔

5۔اس میں پستے بادام ڈال کر ڈش سجا کرپیش کریں۔

کھجور کا حلوہ

اجزاء:

کھجور۔ آدھاکلو

دودھ۔ دو کلو

چینی۔ حسب ضرورت

گھی ۔4/1کلو

بادام، پستہ، کیوڑہ سبز الائچی ۔حسب ِضرورت

ترکیب:

1۔کھجوریں دھو کر گٹھلیاں نکال دیں۔

2 ۔کڑاہی میں گھی اور الائچیاں کڑ کڑائیں۔

3۔اوپر سے کھجور ڈال کر تھوڑی دیر بھونیں۔

4۔پھر دودھ ڈال دیں اور پکنے دیں۔

5۔جب دودھ خشک ہونے لگے تو چینی ڈال دیں۔

6۔خشک ہونے پر ایک بار پھر بھون لیں۔

مونگ دال حلوہ

اجزاء:

زردمونگ دال۔1کپ

گھی۔6کھانے کے چمچ

دودھ گرم۔1کپ

چینی۔1کپ

زعفران۔چند تاریں

خشک دودھ ۔1 کھانے کے چمچ

الائچی دانہ سفوف۔1چائے کا چمچ

گارنش کے لیے : 1 بادام2 پستہ

ترکیب:

1۔مونگ کی دال کو پانی میں بھگو دیں۔

2۔ 3 تا 4 گھنٹے تک اسے بھگوئے رکھیں اور پھر نچوڑ لیں

3 ۔دھوئیں اور ایک مکسر میں بہت تھوڑا سا پانی استعمال کرتے ہوئے گرائینڈ کر کے ایک رف سی پیسٹ بنا لیں

4۔ ایک جانب رکھ دیںپھرایک چوڑے نان اسٹک پین میں گھی پگھلائیں۔

5۔ مونگ دال پیسٹ گھی میں شامل کریں۔

6۔مکسچر کو دھیمی آنچ پر پکائیںجب تک یہ سنہری براؤن رنگت اختیار کر لے۔اس دوران مسلسل چمچ ہلاتے رہیں۔

7۔گرم دودھ اور 1کپ گرم پانی شامل کریں۔ اس وقت تک پکائیں حتیٰ کہ مائع بخارات بن کر اڑ جائے۔

8۔اس دوران مسلسل چمچ ہلاتے رہیںاورچینی شامل کرلیں۔

9۔اس وقت تک بھونیں کہ گھی علیحدہ ہو جائے۔

10۔زعفران مکسچر شامل کریں اور الائچی دانہ کا سفوف بھی شامل کرلیں۔ پھراچھی طرح سے مکس کرلیں۔

11۔بادام اور پستہ کے ساتھ گارنش کریں۔

12۔گرما گرم کھانے کے لیے پیش کریں۔

مکھنڈی کا حلوہ

اجزاء:

سوجی۔ 250گرام (ایک گھنٹے کے لئے پانی میں بھگو دیں)

چینی۔ 250گرام

پسا ہوا ناریل۔ 2کھانے کے چمچ

پستہ۔ 25گرام

گھی۔ 250گرام

سبز الائچی پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ

بادام۔ 25گرام

پانی۔ 1کپ

ترکیب:

کڑاہی میں چینی اور پانی ڈال کر اتنا پکائیں کہ چینی پانی میں اچھی طرح سے گھل جائے پھراسی چینی والے شیرے میں گھی اور الائچی پاؤڈر ڈال کرساتھ ہی بھیگی ہوئی سوجی کا پانی نکال کر ڈالیں اور اتنا بھون لیں کہ سوجی کا کچا پن دُور ہوجائے پھر ناریل اور آدھا ڈرائی فوٹ ڈال کر مکس کرکے چولہے سے اتار لیں۔اب ڈش میں ڈال کراوپر باقی بچا ہوا ڈرائی فوٹ ڈال کر گرم گرم کھانے کے لئے پیش کریں۔

سوہن حلوہ

اجزاء:

گندم۔500 گرام ( باریک کٹا ہوا )

چینی۔دو کلو

بادام ۔ 125 گرام

اخروٹ کی گری ۔ 125 گرام

پانی ۔دو کلو

جائفل پسی ہوئی۔ ایک عدد

چھوٹی الائیچی پسی ہوئی ۔ دس عدد

ٹاٹری ۔ 4 گرام

جاوتری پسی ہوئی ۔ چوتھائی چائے کا چمچ

زردے کا رنگ ۔ چوتھائی چائے کا چمچ

گھی۔ 500 گرام

ترکیب:

کوٹے ہوئے گندم کو دو کلو پانی میں ایک گھنٹے کے لئے بھگو دیں۔پھر اس میں چینی، ٹاٹری، جائفل،جاوتری ،چھوٹی الائیچی اور زردے کا رنگ شامل کرکے مزید پانی ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں اور مسلسل چمچ چلاتے رہیں۔جب گندم گل کر لئی کی طرح گاڑھا ہوجائے تو تھوڑا تھوڑا کرکے گھی شامل کرتے جائیں،جب آمیزہ گھی چھوڑنے لگے اور پتیلی کے کناروں سے الگ ہوجائے تو اُسے کسی بڑے سائز کی ٹرے میں سطح چکنی کرکے اُلٹ دیں اور چپٹے چمچ کی مدد سے سطح برابر کرکے اخروٹ کی گری اور ثابت بادام اوپر لگا دیں ۔تھوڑا سا ٹھنڈا ہونے پر ٹکڑے کاٹ لیں۔لذت سے بھرپور سوہن حلوہ تیارہے۔

پھول مخانے کا حلوہ

اجزاء:

پھول مخانے۔ 250گرام

سوجی۔ 1کپ

کشمش۔ 2کھانے کے چمچ

پِسا کھوپرا۔ 1/2کپ

گھی۔ 1/2

دودھ۔ 2کپ

کنڈنسڈملک۔ 1کپ

الائچی پاؤڈر۔ 1/2چائے کا چمچ

پستہ گارنش۔کے لئے

بادام-۔گارنش کے لئے

چاندی کا ورق۔ گارنش کے لئے

پیلا اور اورنج کلر۔ چند قطرے

کیوڑہ۔ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

ایک پین میں گھی گرم کرلیں۔پھر اس میں پھول مخانے فرائی کریں، اتنا کہ گولڈن کرسپی ہو جائیں۔

اب الگ پین میں دودھ،سوجی، الائچی پاؤڈر اور پیلا رنگ ڈال کر مکسچر گاڑھاہونے تک پکائیں۔

پھر اس میں کنڈنسڈ ملک، پسا کھوپرا، کشمش، کیوڑہ اور فرائی مخانے شامل کردیں۔

پستہ، بادام اور چاندی کے ورق سے گارنش کرکے سرو کریں۔

کابلی حلوہ

اجزاء:

کابلی چنے۔ تین سو گرام (اُبلے ہوئے)

دودھ۔ ایک کلو

گھی۔ ایک سے ڈیڑھ کپ

چھوٹی الائچی۔ دس سے بارہ عدد دانے

کھویا۔ ایک پاؤ

کھوپرا ۔ایک کپ (کدوکش)

چینی۔ ایک پاؤ

بادام پستے ۔آدھا کپ

ترکیب:

کابلی چنوں کو دھوکر صاف کرکے بھگو دیں۔

پھر نکال کر خشک کرکے دودھ میں ڈالیں اور پکنے کے لئے چھوڑ دیں۔

جب چنے گل جائیں تو دودھ خشک کریں اور اُتار کر بلینڈر میں پیس لیں۔

اب ایک سے ڈیڑھ کپ گھی میں الائچی کے دانے ڈال کر کڑکڑالیں اور اس میں پسے چنے ڈال کر اتنا بھونیں کہ چنوں کاکچا پن ختم ہو جائے اور رنگ سُرخی مائل ہو جائے۔

اب اس میں چینی اور کھویا شامل کرکے بھونیں۔

ساتھ ہی کھوپرا کدوکش کرکے شامل کریں اور بھون لیں۔

جب حلوہ گھی چھوڑ دے تو اُتار لیں۔

اسے سرونگ ڈش میں نکالیں اور بادام پستے سے گارنش کرلیں۔

مزے دار کابلی حلوہ تیار ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین