• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، آرمی ہیلی کاپٹر تباہ، پائلٹ سمیت 5 فوجی جاں بحق

کابل ( جنگ نیوز) افغانستان کے مغربی علاقے میں ہفتے کے روز ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ، جس کے نتیجے میں سوار تمام 5 افراد ہلاک ہو گئے ۔ مقامی حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سیکورٹی فورسز کے اہلکار سوار تھے ، حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا ۔ افغان حکام نے اس حادثے میں جنگجوؤں کے حملے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے ۔ افغان فوج کے ہیلی کاپٹر کو مغربی صوبے فراہ میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ صوبائی گورنر کے ترجمان ناصر مہری نے کہا ہے کہ طیارہ فنی خرابی کی بنا پر گر کر تباہ ہوا ہے اور اس کی تباہی میں طالبان کے حملے کا کوئی دخل نہیں ہے ۔ کابل میں افغان وزارت دفاع کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو منتقل کیا جا رہا تھا ۔ حالیہ ہفتوں کے دوران میں طالبان جنگجوؤں کے تباہ کن حملوں کے بعد افغان اور غیرملکی افواج اپنے فوجیوں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کے لیے مجبوراً ہیلی کاپٹر اور طیارے کا استعمال کر رہی ہیں ، لیکن ہوا بازوں کے غیر تربیت یافتہ ہونے اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ان کے ہیلی کاپٹروں کو آئے دن مہلک حادثات پیش آتے رہتے ہیں ۔
تازہ ترین