• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: محرم کے دوران اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

سکھر (بیورو رپورٹ) محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کی عدم توجہی کے باعث مختلف اقسام کے کھانوں میں کثرت سے استعمال ہونے والی اشیاء جن میں ٹماٹر، ہری مرچ، لیموں، آلو سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں ان کی قیمتوں میں 80سے100فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، ہوشربا مہنگائی کے باعث خریداروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، سکھر کی سبزی منڈی میں دکانداروں نے سرکاری نرخ نامے بھی آویزاں نہیں کئے جس کے باعث خریداروں کے علم میں یہ بات نہیں کہ سبزیوں کے سرکاری نرخ کیا ہیں، محرم الحرام سے قبل 40روپے فی کلو فروخت ہونیوالا ٹماٹر80روپے، 60روپے کلو فروخت ہونے والی ہری مرچ120روپے، 80روپے فروخت ہونے والا لیموں 160روپے، 30روپے فروخت ہونے والا آلو 50روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے، اسی طرح دیگر ہرے مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اشیاء کی قیمتوں میں کمی کرانے اور سرکاری سطح پر مقرر نرخ نامے کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے تاحال کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کی جارہی ہے، انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف کوئی کارروائی نہ کیے جانے کے باعث وہ اپنی من مانیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وکٹوریہ مارکیٹ میں سبزی فروشوں اور ٹھیلے بانوں کی جانب سے سرکاری نرخ نامے کے حساب سے سبزیوں کی فروخت کے بجائے من مانے نرخ وصول کئے جارہے ہیں، سرکاری نرخ نامے کو دکانداروں کی اکثریت اپنی دکانوں پر آویزاں ہی نہیں کرتی ہے جبکہ بعض دکاندار جو نرخ نامہ آویزاں کرتے ہیں وہ ایسی جگہ پر لگایا جاتا ہے جہاں پر خریدار کی نظر ہی نہ پڑے، خریداروں اور سبزی فروشوں میں ٹماٹر، ہری مرچ، آلو اور لیموں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اچانک اضافے پر تلخ کلامی اور نوک جھونک سمیت تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہورہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی ان اشیاء کی قیمتوں میں بھی خود ساختہ ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے کیونکہ محرم الحرام کے دوران بڑی تعداد میں لوگ لنگر ونیاز کرتے ہیں ، خاص طور پر بریانی دیگیں تیار کی جاتی ہیں، جن میں یہ مصالحہ جات وافر مقدار میں استعمال ہوتے ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گراں فروشوں نے ان اشیاء کی قیمتوں میں 80سے 100فیصد تک اضافہ کردیاہے، قیمتوں میں اضافے نے شہریوں بالخصوص غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ ان حلقوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، کمشنر سکھر ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر سکھر ، میئر سکھر سمیت دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والے گرانفروشوں کے خلاف فوری طور پرکارروائی عمل میں لائی جائے۔
تازہ ترین