• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد پولیو مہم، غلط اعداد وشمار دینے پر کارروائی کی جائیگی، کمشنر سکھر

سکھر (بیورو رپورٹ) کمشنر سکھرڈویژن منظور علی شیخ نے کہا ہے کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز آپس میں بھرپور تعاون کریں اور رابطوں کو مضبوط بنایا جائے تاکہ مہم کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وہ ڈی سی آفس سکھر میں پولیو مہم کے متعلق ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مس چلڈرن کی نشاندہی کریں اور کسی بھی صورت میں تمام مس چلڈرن کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں اگر کوئی بچہ ضلع سے باہر گیا ہوا ہے تو اس کی بھی معلومات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے پی پی ایچ آئی افسران کو ہدایت کہ کہ روٹین امونائیزیشن پر خصوصی توجہ دی جائے ،جب تک روٹین امونائیزیشن بہتر نہیں ہوگی پولیو وائرس حملہ کر سکتا ہے ،اس کے علاوہ خانہ بدوش خاندانوں پر بھی نظر رکھی جائے کیونکہ ان کی وجہ سے ہائی رسک یوسیز میں گردش کرنے والے پولیو وائرس کو فروغ ملتا ہے اور بچے متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے تمام ڈی ایچ اوز کو بھی ہدایت کی کہ وہ مہم کے دوران شام کے اجلاسوں کے اوقات مقرر کریں اور درست اعداد و شمار دیے جائیں کیونکہ غلط اعداد شمار سے ڈیش بورڈ پر تعریف تو ہوتی ہے مگر مسائل حل نہیں ہوتے اور بیماریاں موجود رہتی ہیں۔ اس کے علاوہ مہم کے دوران کسی بھی یو سی ایم او کی ٹرانسفر پوسٹنگ سے گریز کیا جائے اور ضرورت کے مطابق مہم کے بعد انہیں ریلیو کیا جائے تاکہ پولیو مہم کسی صورت میں متاثر نہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یو سی ایم اوز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پی پی ایچ آئی کے ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں اور تمام اضلاع کی ڈی پی سی آر کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے جبکہ غلط اعداد و شمار دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ اس موقع پر سکھر ٹاسک فورس کے فوکل پرسن نے پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔

تازہ ترین