اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سرپرست اعلیٰ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کچھ بھارتی وزراءاور آرمی چیف پاکستان کے حوالے سے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، پاکستان کو ایک کمزور ملک کی طرح لیا جا رہا ہے، بھارتی حکام تباہ کن غلط فہمی کے شکار ہیں، مسلمان اللہ اکبر کہہ دے تو پیچھے نہیں ہٹتا، لاشوں کی بے حرمتی کے الزام کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔ پیر کو اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی دور کرنا چاہتا ہوں، اب زمانہ بدل گیا ہے ، ہماری فوج پہلے والی نہیں رہی، اب افواج پاکستان ”بیسٹ ان دی ورلڈ“ ہیں اور ان کے پاس وسیع تجربہ اور دلیری ہے، موجودہ بھارتی آرمی چیف سے قبل بھی کچھ لوگ آئے تھے جو پاکستان کے خلاف بھڑکیں مارتے تھے جنہیں منہ کی کھانا پڑی، انہوں نے کہا کہ ہم مسلمان ہیں اور بھارتی حکام کو یہ سمجھنا چاہیےکہ 22کروڑ پاکستانی ، 20 کروڑ ہندوستانی اور کشمیری مسلمان مل کر اللہ اکبر کا نعرہ لگائیں تو بھارت کا کیا بنے گا۔