• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلفیں کُھلنے سے صرف گھٹائیں ہی نہیں چھا جاتیں بلکہ یہ شخصیت کے بہت سے راز بھی بتاجاتی ہیں۔ جی ہاں، پہلے صرف گیتوں اور شعروشاعری میں ہی زلفوںکےانداز اور رنگت سے متعلق بات کی جاتی تھی مگراب ایک تحقیق نے بالوں کی رنگت اوران کے اسٹائل سے خواتین کی شخصیت کا کھوج لگانے کے بارے میں بہت کچھ عیاں کیا ہے۔ مشہور چہرہ شناس جین ہینر ؔ اورThe Wisdom of Your Faceکی مصنفہ کہتی ہیں ،’’اب صرف چہرے کے خدوخال ہی نہیں بلکہ بالوں کی رنگت اور اسٹائل آپ کی شخصیت کے بارے میں بہت کچھ کہہ جاتےہیں‘‘۔

سرخی مائل بال دلچسپ شخصیت

سرخ رنگ کے بال آپ کو نمایاں کرتے ہیں، سرخی مائل رنگت والی خواتین مہم جوئی کو پسند کرتی ہیں یعنی انہیں سیر سپاٹے کےعلاوہ ایسے نت نئے تجربات کرنے کا شوق ہوتا ہے، جو ایک خاص قسم کے جوش اور ولولے کا متقاضی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سرخی مائل بالوں والی خواتین کی صحت بھی عموماً قابلِ رشک ہوتی ہے۔ ضروری نہیں کہ آپ کے بال قدرتی طور پر سرخ ہوں، سرخ رنگ کرنا بھی آپ کے اندرمزاح سے پیار کرنے والی شخصیت ہونےکی غمازی کرتاہے۔

گھونگریالے بال:گرم جوش

گھونگریالے بالوں والی خواتین کھلے دل کی مالک ہوتی ہیں اور مشکل کاموںسے پیچھے نہیں ہٹتیں۔ گھونگریالے بالوں والی خواتین لہر دار اور سیدھے بالوں والی خواتین سے کہیں زیادہ لااُبالی ہوتی ہیں۔ وہ تفریح کی دلدادہ اور گھومنا پھرنا پسند کرتی ہیں لیکن ذمہ داریاں ڈالے جانے پر شدید پریشان ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے غلطیاں بھی کر بیٹھتی ہیں۔

گھنے اور چمکیلے بال جدت پسند اورتخلیق نگار

گھنے اورچمکتے بالوں کو زبردست تخلیقی صلاحیتوں کی علامت تصور کیا جاتا ہےاوران کا تخیل دوسروں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتاہے۔ ایسی خواتین میں بہت زیادہ توانائی، مضبوط قوتِ ارادی اور جذباتیت ہوتی ہے۔ ان کے جذبات بہت آسانی سے مجروح ہو سکتے ہیں۔ اگر یہ روٹھ جائیں تو ان کو منا نا بہت مشکل ہوتاہے۔ بالوں میں اگر تھوڑی لہر ہوتو انہیں تنہا ئی زیادہ اچھی لگتی ہے، جسے یہ اپنی آزادی گردانتی ہیں۔

گھنے بال:مضبوط قوتِ ارادی

بھنوئوں کی طرح جن کے بال بھی گھنے ہوں تو ان کی قوتِ ارادی بہت مضبوط ہوتی ہے لیکن ایسی خواتین بہت ضدی بھی ہوتی ہیں۔ ان کے اندر توانائی بھری ہوتی ہےمگر اس توانائی کو محفوظ رکھنے کی خاطر وہ محنت مشقت والے کھیلوںاور کاموں میں حصہ لینا نہیں چاہتیں۔

گھونگریالے بالوں کو سیدھاکرنا

آپ اپنی زندگی کے اتار چڑھائو سے پریشان ہو کر اسے سیدھی راہ پر لانا چاہتی ہیں، یعنی اپنے روز و شب کو توازن کی حالت میں لانے کیلئے آپ کو یہی راستہ سجھائی دیتاہے۔ جب آپ یہ کر گزرتی ہیں تو لگتاہے کہ آپ کی زندگی میں ٹھہرائو آگیاہے۔

چھوٹےبال منطقی اور عمدہ سوچ کی مالک

ایسی خواتین جنہیں چھوٹے بال رکھنے کی عادت ہوتی ہے، وہ فطرتاً پیشہ ور اور اپنے کام سے محبت کرنے والی ہوتی ہیں۔ وہ اپنے لمبے بالوں کے ناز نخرے اٹھانے کی قائل نہیں ہوتیںکیونکہ یہ چیز ان کا وقت برباد کرنے اور کارکردگی کو متاثر کرنے والی ہوتی ہے۔ وہ اپنے کام میں سنجیدہ ہوتی ہیں۔ اس کےعلاوہ ایسی خواتین بے صبرے پن کا بھی مظاہرہ کرتی ہیںاور جلد ہی مایوسی کا شکا ر بھی ہو جاتی ہیںلیکن ان کی مثبت سوچ انھیںاس صورتحال سے نکال دیتی ہے۔ وہ راست گو ہوتی ہیں اور چیزیں ٹھیک کرنا جانتی ہیں۔

سیدھے بالوں کو گھونگریالے بنانا

ایسی خواتین جو اپنے بالوں کو خوب اچھی طرح سے باندھ کر سیدھا رکھتی ہیں، وہ اپنی زندگی کے کسی بھی معاملے میں خود کو اہم ترین حیثیت میں منوانے کی خواہش مند ہوتی ہیں۔ وہ کسی بھی کام کو اس خوبی سے کرنا چاہتی ہیں کہ جسے کوئی دوسرا نہ کرسکے اور اکثر وہ ایسا کرنے میں کامیاب بھی ہوجاتی ہیں۔سیدھے بالوں والی خواتین اکثر بالوںکو گھونگریالے کرنا چاہتی ہیں کیونکہ وہ اپنی زندگی میں کچھ مزاح چاہتی ہیں اور اپنے بارے میں دوسروں کو پیغام دینا چاہتی ہیں کہ وہ کوئی بیزار شخصیت نہیں۔

بیچ کی مانگ متوازن اور ذمہ دار

بیچ کی مانگ نکالنے والی خواتین کو عموماً منظم، متوازن اور ذمہ دار دیکھا گیا ہے۔ گھر کو سجانے سنوارنے کا معاملہ ہو یا پھر دفتری کاموں کو انجام دینے کا، ہر صورت میں یہ خواتین ایک بہترین منتظم کے طور پر سامنے آتی ہیں۔ اسی کے ساتھ وہ نرم مزاج بھی ہوتی ہیں اور یہ جانتی ہیں کہ دوسروں کو ناراض کیے بغیر ان سے کس طرح کام کروایا جائے۔ وہ گھر اور دفتر دونو ں میں توازن رکھتی ہیں۔

آڑی مانگ:خیال رکھنے والی

دائیں یا بائیں آڑی مانگ نکالنے والی خواتین بہت رحم دل اور دوسروں کا خیال رکھنے والی ہوتی ہیں۔ وہ نہ صرف خود جذباتی ہوتی ہیں بلکہ دوسروں کے جذبات کی بھی قدر کرتی ہیں۔ ایسی خواتین کےلیے دوسروں سے نفرت کرنا بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔

ہیئر اسٹائل کا خیال رکھنے والی:منفرد

ایسی خواتین جو اپنےہیئر اسٹائل کا بہت خیال رکھتی ہیں وہ اپنی زندگی کے کسی بھی معاملے میں خود کو اہم ترین حیثیت میں منوانے کی خواہش مند ہوتی ہیں۔ وہ کسی بھی کام کو اس خوبی سے کرنا چاہتی ہیں کہ جسے کوئی دوسرا نہ کرسکےاور اکثر وہ ایسا کرنے میں کامیاب بھی ہوجاتی ہیں۔ ایسی خواتین جنہیں اپنے بال سنوارنے اور خوبصورت لیکن پیچیدہ قسم کے ہیئر اسٹائلز بنانے کا شوق ہوتا ہے وہ سب سے الگ، منفرد اور بلند نظر آنا چاہتی ہیں۔ اس مقصد کی خاطر وہ ہر پہلو سے اپنی ظاہری شخصیت کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لیتی رہتی ہیں تاکہ کوئی کسر نہ رہ جائے۔

تازہ ترین