• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں تاریخ ساز خطاب کیا، کمیونٹی رہنما

بریڈ فورڈ (نمائندہ جنگ) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے اقوام متحدہ میں تاریخ ساز خطاب پر اوورسیز میں بسنے والی پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی تحریک انصاف برطانیہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر آصف خان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں دبنگ طریقے سے اٹھاکر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ فلسطین، کشمیر، حرمت رسولؐ ، بھارتی دہشت گردی، کلبھوشن یادیو اور سی پیک پر پاکستان کے موقف کو بھرپور طریقے سے پیش کرکے پاکستانی کی خارجہ پالیسی کی پاکستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے واضح کردیا ہے کہ اب پاکستان معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کرے گا۔ امریکہ کو بھی واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اگر وہ خطے میں نئے اتحادی بناسکتا ہے تو پاکستان کے پاس بھی مختلف آپشن موجود ہیں۔ تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کے راجہ نجابت حسین، سردار عبدالرحمن خان اور محمد ہیری بوٹا نے کہا کہ پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے کسی وزیر خارجہ نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے، مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے، کشمیر سمیت تمام مسائل کو دوٹوک الفاظ میں پیش کیا۔ شاہ محمود قریشی کی جانب سے کشمیر پر بھارتی جارحیت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں دہشت گردی کے حوالے سے بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کرکے بھارت کا عالمی برادری کے سامنے کچاچھٹا کھول کر رکھ دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے دو ماہ کے اندر ہی انہیں بہترین خارجہ پالیسی سے بھارت کو چاروں شانے چت کردیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف یارکشائر اینڈ ہمبر کے صدر خواجہ طاہر ایوب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیر خارجہ نے اپنی قومی زبان میں تقریر کرکے اپنے وطن اور زبان کی ترجمانی کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عالمی برادری میں پاکستان کے وقار کو بلند کرنے کے لیے اپنی ثقافت اور اپنی شناخت کو ترجیح دی۔ ٹوٹی پھوٹی انگریزی بولنے کی بجائے باوقار طریقے سے اپنی قومی زبان میں تقریر سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا جرات مندانہ خطاب پاکستان کے لیے ایک عظیم پیش رفت ہے۔
تازہ ترین