کراچی (آئی این پی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے علاقائی دفتر کراچی نے پاکستان میں بھارتی غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کی لعنت پر قابو پانے کی مہم کے دوران کراچی، حیدر آباد اور سکھر کے کیبل ٹی وی آپریٹرز کیخلاف کارروائی کے دوران 200؍ سے زائد غیر قانونی ڈی ٹی ایچ ڈی کوڈرز قبضہ میں لیتے ہوئے انہیں بلڈوزر کے ذریعہ تلف کیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شکایات کونسل کراچی کے چیئرمین پروفیسر انعام باری بھی موجود تھے۔ چار ماہ کی جاری مہم کے دوران پیمرا نے ملک بھر میں تقریباً 3 ہزار غیر قانونی ڈی ٹی ایچ ڈی کوڈرز قبضہ میں لیکر تلف کئے۔ پیمرا سندھ کے ریجنل جنرل منیجر محمد فاروق نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ان کیبل ٹی وی آپریٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے جو غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ استعمال کر رہے ہیں۔