پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سپریم کورٹ پہنچ گئے جہاں وہ اپنی والدہ بینظیر بھٹو کے قتل کیس کے ملزمان کی بریت کے خلاف درخواست دائر کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری اور فرحت اللہ بابر بھی چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس دن میری والدہ بینظیر بھٹو کی سیکیورٹی کم کر دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر کے قتل والا کرائم سین دھویا گیا،18اکتوبر کے دھماکے کا بھی کرائم سین دھویا گیا، جس پر پیپلز پارٹی نے احتجاج کیا تھا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث پولیس افسران کو ضمانت پر چھوڑ دیا گیا ہے اور ان کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں ملزمان رفاقت حسین، حسنین گل، قاری عبدالرشید ترابی، اعتزاز شاہ اور شیر زمان کو انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت نے بری کر دیا تھا۔
دو مرتبہ پاکستان کی وزیر اعظم رہنے والی محترمہ بینظیر بھٹو کو 27دسمبر 2007ء کو راولپنڈی میں انتخابی جلسے سے خطاب کے بعد گولی مار کر شہید کر دیا گیا تھا۔