لندن (سعید نیازی) پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ان کی پاکستان سے باہر لندن میں تو کیا دنیا میں کہیں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔ سابق وزیر خزانہ نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں دو فلیٹس کی ملکیت سے متعلق شہزاد اکبر کے الزامات حقائق کے منافی اور کینہ پرور مہم کا حصہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کے لندن میں دو فلیٹس کا دعویٰ جھوٹا ہے، یہ الزامات میرے خلاف چلائی گئی منفی مہم کا حصہ ہیں، اگر شہزاد اکبر سچے ہیں تو فلیٹس کی تفصیلات منظر عام پر لائیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اصل مسائل سے نمٹ نہیں پا رہی، اپنی ناکامی چھپانے کے لئے وزرا عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے الزامات لگا رہے ہیں، شہزاد اکبر کے الزامات پی ٹی آئی کی روایتی سیاست کا حصہ ہیں، حکومت انتقامی کارروائیوں کیلئے نیب کو استعمال کر رہی ہے۔