• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنگین غداری کیس، مشرف کاویڈیو لنک پر بیان دینے سے انکار، کمیشن قائم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) سابق صدر پرویز مشرف نے سنگین غداری کیس میں وڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کرانے سے انکار کر دیا، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انکے موکل خود پیش ہو کر اپنے دفاع میں شواہد پیش کرنا چاہتے ہیں۔ جبکہ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے کمیشن تشکیل دینے کا عندیہ دیتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ کمیشن دبئی میں سابق صدر کا 342 کا بیان ریکارڈ کریگا۔جسٹس یاور علی نے کہا کہ ارکان اور دائرہ کار کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا ، کسی کو اعتراض ہو تو کمیشن کا قیام ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ پیر کو جسٹس یاور علی خان کی سربراہی میں جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس نذر اکبر پر مشتمل خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس کی سماعت کی تو پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف شدید علیل ہیں ، صحت یاب ہوکر وہ خود عدالت میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ جسٹس یاور علی نے استفسار کیا کہ کیا پرویز مشرف کو کینسر کا عارضہ لاحق ہواہے جس پر وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کو دل کا عارضہ ہے۔ سلمان صفدر نے پرویز مشرف کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے موکل کا کہنا ہے کہ وہ بزدل نہیں ، خود پیش ہو کر اپنے دفاع میں شواہد پیش کرنا چاہتا ہے۔ جسٹس یاور علی خان نے کہا کہ پرویز مشرف نے دبئی کے امریکن اسپتال کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا جس پر اگست کی تاریخ درج ہے اور یہ رپورٹ پرانی ہے۔

تازہ ترین