کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشین ٹینس فیڈریشن کے صدر انیل کھنہ نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ کو اے ٹی ایف کے ڈیولپمنٹ ایڈوائزرز گروپ کا چیئرمین نامزد کردیا ہے، اے ٹی ایف کا سالانہ جنرل باڈی اجلاس بھی رواں سال پاکستان میں ہوگا۔ ایڈوائرز گرپو کے دیگر ارکان میں کوریا کے ونگ ہونگ جو، انڈونیشیا کے گوینوان ٹیڈو، ازبکستان کے ایگر شیپلیو، بھارت کے بھارت اوزا، تائیوان کے ہسیاو لی لو، برونائی کے زورائمی عبدالسانی اور ہانگ کانگ کے کرس لائی شامل ہیں۔ اس متعلق سیکریٹری پاکستان ٹینس فیڈریشن خالد رحمانی نے جنگ کو بتایا کہ پاکستان ٹینس کی تاریخ میں پہلی بار کسی کو ایشین ٹینس فیڈریشن کے ڈویلپمنٹ گروپ کا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے یہ بڑا اہم شعبہ ہے، جس سے پاکستانی ٹینس کو بہت ترقی ملے گی۔ اس کا سب سے زیادہ فائدہ نوجوان کھلاڑیوں کو ہوگا اور انہیں دیگر ممالک میں ٹریننگ کے مواقع بھی ملیں گے۔ گزشتہ سال ایشین ٹینس فیڈریشن کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں پی ٹی ایف کے صدر سلیم سیف اللہ نے اگلا اجلاس پاکستان میں کرانے کی درخواست کی تھی، اے ٹی ایف نے اسے بھی منظور کرلیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان ٹینس کے کسی بھی سربراہ نے اپنے ملک میں اے جی ایم اجلاس بلانے کی درخواست نہیں کی تھی۔ رواں سال نومبر میں ایشین ٹینس فیڈریشن کے تمام44 ملکوں کے مندوبین شرکت کریں گے۔