عالمی نمبر 80 پاکستان کے فرحان محبوب نے بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے عالمی نمبر 29 میکسیکو کے سیسر سالازارکو ٹف ٹائم دیا، پہلے دونوں سیٹوںمیں کامیابی کے بعد غیرملکی کھلاڑی تیسرے سیٹ میں انجری کا شکار ہوکر میچ سے باہر ہوگئے۔
عالمی نمبر 105 پاکستانی کھلاڑی شاہ جہان خان اورعالمی نمبر 39 ملائشیا کے نافزوان عدنان کے درمیان انتہائی سخت ترین مقابلہ ہوا جو ایک گھنٹے تک جاری ہے، اس میں نافزوان نے پانچ میں سے تین سیٹ جیت کر مقابلہ اپنے نام کیا۔
دیگر میچوں میں ہانگ کانگ کے لیو اے یو نے پاکستان کے عبدالمالک کو جبکہ عالمی نمبر 16 انگلینڈ کے جیمز ڈکلن نے احسن ایاز کو شکست دی۔
ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ کے اسکواش کمپلکس میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ ابتدائی روز فرحان محبوب نے میکسیکو کے سیسر سالازار کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ابتدائی دو نوں سیٹ 11-7 اور 11-9 سے جیتے ،اس موقع پر سیسر کو اپنی شکست واضح نظر آرہی تھی اس لئے انہوں نے انجری کا بہانہ کرکے تیسرے سیٹ میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور میچ سے باہر ہوگئے۔
دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کے لیو اے یو نے پاکستان کے عبدالمالک کو 11-6، 11-8 اور11-3 سے شکست دی۔
تیسرے میچ میں انگلینڈکے جیمز ڈکلن نےعالمی نمبر 95 پاکستان کے احسن ایاز کو 11-7، 11-8 اور 11-5 سے شکست دی۔
چوتھا اور آخری میچ پاکستان کے شاہ جہان خان اور ملائشیا کے نافزوان عدنان کے درمیان ہوا جو انتہائی سنسنی خیز رہا، اس میچ میںنافزوان نے پہلے سیٹ میں 11-8 سے فتح اپنے نام کی لیکن اگلے سیٹ میں شاہ جہان نے فائٹ بیک کیا اور 6-11 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔
تیسرے سیٹ میں نافزوان نے 11-6 کی برتری حاصل کی جسے چوتھے سیٹ میں شاہ جہان نے 8-11 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ دو دو سے برابر کردیا ۔ پانچویں سیٹ میں نافزوان نے 6-11 سے فتح حاصل کرکے مقابلہ 3-2 جیت لیا۔
بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ کے دوسرے روز پہلے میچ میں انگلینڈ کے ڈیکلن جیمز اور پاکستان کے فرحان محبوب، دوسرے میچ میں میکسکو کے سیزر سالازار اور پاکستان کے احسن ایاز ، تیسرے میچ میں ملائیشیا کے نفیذوان اور ہانگ کانگ کے لیو آو اور آخری میچ پاکستان کے شاہجہان خان اور پاکستان ہی کے عبدالمالک مدمقابل ہوں گے۔