• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’کے الیکٹرک کو بجلی کی سپلائی مکمل بحال کر دی ‘‘

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

این ٹی ڈی سی ترجمان کے مطابق شدید دھند کےباعث سدرن ریجن میں ٹرپنگ شروع ہوئی ،جبکہ صبح6 بج کر 24 منٹ پر 500 کے وی پورٹ قاسم، این کے آئی ٹرانسمیشن لائن بھی ٹرپ کرگئی۔

اس ٹرپنگ سے 220 کے وی کے ڈی اے جامشورو ٹرانسمیشن کے سرکٹ بھی ٹرپ کرگئے، جبکہ کے الیکٹرک کا اپنا سسٹم بھی ٹرپ کرگیا۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 9 بجکر 35 منٹ پر500 کے وی پورٹ قاسم این کے آئی سرکٹ کے ساتھ220 کے وی جامشورو کے ڈی اے سرکٹ ون بھی بحال کر دیا گیا ہے،جس سے کے الیکٹرک کو بجلی مکمل طورپر بحال ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ علی الصبح کراچی کے 80فیصد علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا، کراچی میں بریک ڈاؤن کی وجہ سے گلشن اقبال، گلستان جوہر، نارتھ کراچی، یو پی سوسائٹی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، پی ایس سی ایچ ایس، بہادر آباد، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، کورنگی اور ملیر سمیت متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

بجلی نہ ہونے کے باعث علی الصبح اسکول جانے والے بچوں اور ان کے والدین کو پریشانی کا سامنا رہا۔

واضح رہے کہ ڈیڑھ ماہ کے دوران کراچی شہر میں ہونے والا یہ بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے۔

تازہ ترین