بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور اداکارہ کترینہ کیف کی ایک تصویر منظر عام پر آئی ہے جس میں دونوں اداکار واہگہ باڈر پر موجود ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سلمان خان اور کترینہ کیف آج کل اپنی نئی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں وہ دنیا بھر میں گھومتے پھرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی شوٹنگ کا آغاز یورپی ملک مالٹا میں ایک طویل شوٹنگ سے کیا جس کے بعدوہ ابو ظہبی گئےاور آج کل وہ بھارت کے صوبے پنجاب میں موجود ہیں۔
گزشتہ روز سلمان خان اور کترینہ کیف نے واہگہ باڈر کا بھی رخ کیا، جہاں واہگہ باڈر کے گیٹ کے سامنے کھڑے دونوں کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
اداکار سلمان خان اور فلم بھارت کے ہدایت کار علی عباس ظفر نے انسٹاگرام پر اس تصویر کو شیئر کیا ہے اور ساتھ میں لکھا کہ ’ایک شخص اور قوم کا سفرساتھ میں‘
سوشل میڈیا پر وائرل تصویر میں دونوں اسٹارز واہگہ باڈر پر بھارت کے گیٹ کی طرف منہ کیے کھڑے ہیں، تصویر میں سلمان خان رسمی سوٹ جبکہ کترینہ لال ساڑھی اور نیلی شال زیب تن کیے ہوئے ہیں۔
سلمان اور کترینہ اس سے قبل فلم ’ایک تھا ٹائیگر اور ٹائیگر زندہ ہے‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں، دونوں فلموں میں انہوں نے بھارت اور پاکستان کے جاسوس کا کردار ادا کیا تھا۔
کترینہ کیف سے قبل اداکارہ پریانکا چوپڑا کو فلم بھارت کے لیے کاسٹ کیا گیا لیکن انہوں نےیہ فلم کرنے سے منع کردیا جس کے بعد کترینہ کو فلم کا حصہ بنایا گیا، اس کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں تبو، دیشا پتانی، سنیل گروور اور دیگر شامل ہیں۔
فلم بھارت 5 جون 2019 کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔