لاہور (نیوزرپورٹر)نیب نے ملتان میٹروبس منصوبے میں انکوائری کا دائرہ وسیع کردیا ہے ۔منصوبے کیلئے فنڈز کی منظوری کی تمام دستاویزات پی اینڈ ڈی بورڈ اور نجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سے طلب کرلی گئی ہیں ۔پی سی ون ، صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کی تفصیلات اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تیار کئے گئے ورکنگ پیپرز اور ملتان میٹروبس کے متعلق سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر مشتمل دستاویزات بھی طلب کی گئی ہیں ۔ریلوے کے انجنوں کی خریداری میں مبینہ کرپشن سکینڈل میں ریلوے کے 3 افسران گزشتہ روز نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو گئے ۔ نیب لاہور سابق وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کے دور میں خریدے گئےٹرین کے انجنوں کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ نیب ذرائع نے بتا یا کہ گزشتہ روز چیف لوکو شاہدعزیز، پروجیکٹ ڈائریکٹر ماجد بیگ اور طارق خان نے بیانات قلمبند کرا دئیے ۔ ان افسران پرمہنگے انجن خریدنے میں تعاون کا الزام ہے ۔ انہیں ریکارڈ سمیت طلب کیا گیا تھا۔نیب ذرائع نے بتایا کہ ان افسران کے بیانات کی رپورٹ تیار کر کے ہیڈ کوارٹر زبھجوا دی گئی ہے ۔ ان کو دوبارہ بلانے کافیصلہ ہیڈ کوارٹر ز کےاحکامات کی روشنی میں کیا جائے گا ۔ فیصل آباد کے ڈپٹی میئر شیخ محمد یوسف بھی گزشتہ روز نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوگئے۔ نیب نے انہیں آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں طلب کیا تھا۔ شیخ محمد یوسف مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنااللہ کے قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ شیخ محمد یوسف نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ۔ ان سے اثاثوں کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔